خیبر پختونخواہ حکومت کے نئے بجٹ میں خفیہ فنڈز کا انکشاف

احتشام بشیر  پير 29 جون 2020
سیکرٹ فنڈز کی مد میں 4 کروڑ 23 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ فوٹو: فائل

سیکرٹ فنڈز کی مد میں 4 کروڑ 23 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ فوٹو: فائل

 پشاور: خیبرپختونخوا حکومت کے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 4 کروڑ 23 لاکھ روپے کے خفیہ فنڈ کا انکشاف ہوا ہے۔

ایکسپریس کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں  پی ٹی آئی پالیسی کے برعکس چار کروڑ روپے سے زائد رقم کے خفیہ فنڈز کا انکشاف ہوا ہے جس میں گورنر اور وزیراعلیٰ کے لیے دو دو کروڑ روپے کے خفیہ فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔

یہ امر قابل ذکرہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے برسراقتدار آنے کے بعد خفیہ فنڈز ختم کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اس بار نئے مالی سال کے بجٹ میں خفیہ فنڈز مختص کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق سیکرٹ فنڈ کی مد میں 4 کروڑ 23 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں جس میں گورنر سیکرٹ فنڈز کے لیے دو کروڑ اور وزیراعلی سیکرٹ فنڈز کے لیے بھی دو کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ محکمہ داخلہ کے لیے 30 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال کے بجٹ میں خفیہ فنڈز کے حوالے سے کوئی رقم مختص نہیں کی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔