بلز کی عدم ادائیگی پر کیسکو نے 40 ٹرانسفارمر اتار دیئے

ویب ڈیسک  پير 29 جون 2020
 سبی سب ڈویژن میں گھریلو، کمرشل اور متعدد سرکاری نادہندگان کے برقی کنکشنز بجلی بلوں کی عدم ادائیگی پر منقطع کردیئے۔ فوٹو: فائل

سبی سب ڈویژن میں گھریلو، کمرشل اور متعدد سرکاری نادہندگان کے برقی کنکشنز بجلی بلوں کی عدم ادائیگی پر منقطع کردیئے۔ فوٹو: فائل

 پشاور: کیسکو (کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی) نے نادہندگان اور غیرقانونی کنکشنز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 40  ٹرانسفارمرز اتار دیئے۔

کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کی نادہندگان اور غیرقانونی کنکشنز کے خلاف مختلف سرکلز میں کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں کیسکو سینٹرل سرکل کوئٹہ کے تحت سب ڈویژن کی ٹیم نے دشت کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 5 زرعی نادہندگان کے ٹرانسفارمرز اُتار دیے نیز کچلاک سب ڈویژن کی ٹیم نے بھی بلوں کی عدم ادائیگی پر کارروائی کرتے ہوئے ٹرانسفارمرز اُتار دیے۔

اسی طرح کیسکو سبی سرکل میں بھی نادہندگان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے دوران ڈھاڈر سب ڈویژن کی ٹیم نے بلوں کی عدم ادائیگی پر 3 دیہات کی بجلی منقطع کردی جبکہ ڈھاڈر بازار کے علاقے میں 21 گھریلو اور کمرشل نادہند صارفین کے برقی کنکشنز بھی منقطع کیے گئے۔ سبی سب ڈویژن نے 41 گھریلو، 26 کمرشل اور متعدد سرکاری نادہندگان کے برقی کنکشنز بجلی بلوں کی عدم ادائیگی پر منقطع کردیئے۔

کیسکو لہڑی سب ڈویژن نے کارروائی کے دوران 5 غیر قانونی ٹرانسفارمر اُتار کر قبضے میں کرلیے جبکہ بھاگ سب ڈویژن میں عدم ادائیگی پر 15 کمرشل صارفین کے کنکشنز منقطع اور 4 دیہات کے ٹرانسفارمر سے جمپر کاٹ دیئے گئے۔

گنداواہ میں  بھی کارروائی کرتے ہوئے کیسکو ٹیم نے 10 زرعی نادہندگان کے کنکشنز منقطع کر دیئے اسی طرح کیسکو سوئی سب ڈویژن نے بلوں کی عدم ادائیگی پر 4 ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمر کے جمپرز کاٹ  دیئے علاوہ ازیں  کیسکو خضدار سرکل کی زیر نگرانی کانک سب ڈویژن کی ٹیم نے 6 زرعی نادہندگان کے ٹرانسفارمر اُتار دیئے۔

قلات سب ڈویژن نے مختلف دیہاتوں  اور زرعی نادہندگان کے 7 ٹرانسفارمر جبکہ کیسکو منگچر سب ڈویژن کی ٹیم نے بھی نادہندگان کے 5 ٹرانسفارمرز اُتار دیئے۔ علاوہ ازیں پشین سرکل کی ٹیم نے پشین کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرکے 10 زرعی نادہندگان کے ٹرانسفارمرزاُتار دیئے اسی طرح کیسکو قلعہ عبداللہ سب ڈویژن نے کارروائی کے دوران بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی پر دیہات کے ٹرانسفارمرز جبکہ 3 زرعی نادہندگان کے ٹرانسفارمرز اُتار دیئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔