یورپی یونین نے پی آئی اے پر 6 ماہ کے لیے پابندی لگادی

اسٹاف رپورٹر  منگل 30 جون 2020
یورپین یونین  کی ائیر سیفٹی ایجنسی نے یورپی ممالک کے لیے قومی ایئر لائن کا اجازت نامہ معطل کردیا۔ فوٹو، فائل

یورپین یونین کی ائیر سیفٹی ایجنسی نے یورپی ممالک کے لیے قومی ایئر لائن کا اجازت نامہ معطل کردیا۔ فوٹو، فائل

 لاہور /  کراچی: یورپین یونین  کی ائیر سیفٹی ایجنسی نے پاکستان ایئر لائن کا یورپی ممالک کے لیے فضائی آپریشن کا اجازت نامہ  6 ماہ کے لئے معطل کردیا  ہے جس کے بعد پی آئی اے کی یورپ جانے والی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں تاہمحکومت پاکستان کی کاوشوں سے قومی ایئر لائن  کو 3 جولائی تک پروازیں جاری رکھنے کی مہلت مل گئی ہے۔  

ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق یورپی یونین سیفٹی ایجنسی کی طرف سے پی آئی اے کے یورپی ممالک کیلئے فضائی آپریشن کے اجازت نامے کو6 ماہ کیلئے معطل کردیا گیا ہے جس کا اطلاق یکم جولائی رات12بجے یونیورسل ٹائم(یو ٹی سی) کے مطابق ہوگیا۔ تاہم اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی  جاسکے گی۔ اس سلسلے میں حکومتی اور انتظامیہ کی جانب سے  اقدامات کے نتیجے میں اس معطلی کو جلد از جلد بحال کروایا جا سکےگا۔

انہوں نے کہا کہ  پی آئی اے کی یورپ کی تمام پروازیں عارضی طور پر منسوخ ہو گئی ہیں۔ پی آئی اے کی بکنگ رکھنے والے مسافر اسے مؤخر کرواسکتے ہیں یا چاہیں تو ریفنڈ حاصل کرلیں۔

یہ بھی پڑھیے: متحدہ عرب امارات نے پاکستان سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کردی

ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے یورپی فضائی سیفٹی کے ادارے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ان کے خدشات کو دور کرنے کے لئے اقدامات کر رہا ہے۔  امید کرتے ہیں کہ حکومت اور انتظامیہ کے اقدامات کے  نتیجے میں یہ معطلی جلد ختم ہوجائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ معاملے اور فیصلے کے خلاف 2 ماہ میں اپیل دائر کی جاسکے گی۔یورپی یونین ائر سیفٹی ایجنسی (EASA) کی جانب سے پی آئی اے انجینئرنگ کو ٹی سی او 200 کے تحت دیے گئے اجازت نامے پر قوانین کے مطابق عملدرآمد کے حوالے سے ٹیکنیکل ٹیم نےجون اور ستمبر 2019 پاکستان کے دوروں کے دوران ائر لائن حکام کے ساتھ اجلاس بھی کیے تھے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ ٹیکنیکل ٹیم کی جانب سے دی گئی رپورٹ پر EASA اجلاس میں مقررہ شرائط کے مطابق عملدرآمد قومی ائر لائن کی یورپ کے لیے  پروازوں پر بندش جبکہ اس معطلی کے حوالے سے یورپی یونین کے تمام رکن ممالک کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ یورپی یونین ائر سیفٹی  ایجنسی کے ڈائریکٹر پیٹرک کی جانب سے  پی آئی اے کو مطلع بھی کیاگیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ائر لائن کے یورپی آپریشن کی معطلی کی مبینہ وجوہات میں پی آئی اے پائلٹس کے مشتبہ لائسنسز کا معاملہ بھی شامل ہے۔

3 جولائی تک مہلت مل گئی

ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق حکومت پاکستان کی کاوشوں سے یورپین یونین نے پی آئی اے کو 3 جولائی تک پروازیں  آپریٹ کرنے کی اجازت دے دی ہے ۔ سیکریٹری خارجہ نے ہنگامی طور پر تمام یورپین ممالک کے سفیروں سے رابطہ کیاجس کے بعد پی آئی اے کو یکم تا 3 جولائی برطانیہ اور یورپ اترنے اور اوور فلائینگ کی تا حکم ثانی اجازت مل گئی۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ، وزارت خارجہ اور پاکستان کے سفیر مسلسل یورپین حکام سے رابطے میں ہیں، پی آئی اے کی اسلام آباد تا لندن اور واپسی کی پروازیں پی کے 785 اور 786 معمول کے مطابق آپریٹ ہوں گی۔ دیگر پروازیں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔