سوئی ناردرن کا کل سے سی این جی اسٹیشنز اور صنعتوں کی گیس غیرمعینہ مدت تک بند رکھنے کا اعلان
سوئی ناردرن گیس کمپنی نے کل سے سی این جی اسٹیشنز اور صنعتوں کی گیس کی فراہمی غیر معینہ مدت تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
سوئی ناردرن گیس کمپنی کی جانب سے جاری اعلامئے کے مطابق گیس کی بندش سردی میں اضافے اور گیس میں کمی کے باعث کی جارہی ہے، جس کے تحت کل صبح 10 بجے سے سی این جی اسٹیشنز، صنعتی یونٹس اور تمام پاور پلانٹس کو گیس کی فراہمی غیر معینہ مدت کے لئے بند کردی جائے گی۔ سوئی ناردرن گیس کمپنی کے جنرل منیجر کا کہنا ہے کہ صنعتوں، سی این جی اسٹیشنز اور پاور پلانٹس کو گیس کی فراہمی اس لئے بند کی جارہی ہے تا کہ گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی بلاتعطل جاری رہے، ہمارے لئے اولین ترجیح گھریلو صارفین ہیں اور انہیں گیس ملنا ضروری ہے۔
واضح رہےکہ گزشتہ ماہ وفاقی وزیرپیٹرولیم اور قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ گیس مینیجمنٹ منصوبے کے تحت دسمبر سے فروری تک صوبہ پنجاب میں کسی بھی صنعت کو قدرتی گیس فراہم نہیں کی جائے گی جس کا مقصد گھریلو صارفین کو ایندھن کی فراہمی یقینی بنانا ہوگا۔