کراچی میں پارہ 40 ڈگری سے تجاوز کرگیا گرمی دو روز جاری رہنے کا امکان

موجودہ گرمی کا سبب بحیرہ عرب میں بننے والا ہوا کا کم دباؤ ہے، چیف میٹرو لوجسٹ کراچی

موجودہ گرمی کا سبب بحیرہ عرب میں بننے والا ہوا کا کم دباؤ ہے، چیف میٹرولوجسٹ کراچی۔ فوٹو، فائل

بدھ کو شدید گرمی سے شہری بلبلا اٹھے اور گرمی کا پارہ 40 ڈگری کو عبور کرگیا، گرمی کی یہ لہر مزید 2 روزتک جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.1 ڈگری ریکارڈ ہوا، صبح کے وقت کم سے کم پارہ اضافے سے 30.5 ڈگری ریکارڈ ہوا، صبح کے وقت سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں بند ہوگئیں جبکہ بیشتر وقت جنوب مشرقی (تھرپارکر سندھ) کی گرم ومرطوب ہوائیں چلیں، شام کے وقت سمندر کی بند ہوائیں بحال ہوگئیں تاہم رفتار کم ہونے کی وجہ سے شدید حبس محسوس ہوا، ہوا میں نمی کا تناسب صبح کے وقت 52 جبکہ شام کو50 فیصد رہا۔


ہیٹ انڈیکس کے مطابق بدھ کو شہر میں 50 ڈگری کے مساوی گرمی محسوس کی گئی۔ چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفرازکے مطابق موجودہ گرمی کا سبب بحیرہ عرب میں بننے والا ہوا کا کم دباؤ ہے، جو اس وقت شدت پر ہے، اور 5 ہزار سے 20 ہزارفٹ کے درمیان اپنے اثرات کی وجہ سے سمندری ہواؤں کو متاثر کررہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس سے قبل ہوا کا کم دباؤ ختم ہونے کی وجہ سے شہر کا موسم بہترہونا شروع ہوگیا تھا تاہم گرمی کی موجودہ لہر 3 جولائی تک برقراررہ سکتی ہے جس کے بعد پارہ معمول پر آنا شروع ہوگا تاہم اگلے ایک ہفتے تک شہر میں بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جمعرات کو شہر کا مطلع گرم و مرطوب جبکہ زیادہ سے زیادہ پارہ 39 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے۔
Load Next Story