کراچی میں بدامنی کی لہر جاری فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت مزید11ہلاک

خواجہ اجمیرنگری،ماڑی پوراورکورنگی میںبھی فائرنگ سے4افرادہلاک،دیگر واقعات میں8افرادزخمی


Staff Reporter September 06, 2012
خواجہ اجمیرنگری،ماڑی پوراورکورنگی میںبھی فائرنگ سے4افرادہلاک،نیبئر،کورنگی صنعتی ایریااورلیاری سے 3افرادکی لاشیں ملیں،دیگر واقعات میں8افرادزخمی

کراچی میں بدامنی کاسلسلہ جاری ہے،مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں پولیس افسر، اسلامک ریسرچ سینٹرٹرسٹ کے چیئرمین اوران کے بیٹے سمیت 11 افرادہلاک جبکہ نوعمر لڑکی سمیت8 افرادزخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق حسن اسکوائرفلائی اوور کے قریب موٹرسائیکل پر سوارملزمان نے ہنڈا سٹی کارنمبر AMQ-114 پرفائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 75 سالہ مختاراحمد اعظمی اور ان بیٹا 45 سالہ باقر اعظمی جاں بحق ہوگئے جبکہ مختار احمد اعظمی کاپوتا 16 سالہ محمدعلی شدید زخمی ہوگیاجسے انتہائی تشویشناک حالت میں اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال لیجایا گیا، کار کے عقب میں آنے والی آئل اینڈگیس کمپنی کی سوزوکی ہائی روف بھی فائرنگ کی زدمیں آگئی جس میں سوارکمپنی کاملازمین علی الرحمٰن اورآفاق احمدزخمی ہو گئے جنھیں قریب ہی واقع نجی اسپتال لے جایاگیا۔

مقتولین ناظم آبادنمبر4کے رہائشی تھے جوصدرمیں واقع اپنے دفترسے واپس گھرجارہے تھے،زخمی نوجوان محمد علی حال ہی میں امریکا سے آیا تھااوراس کی حالت تشویشناک ہے۔جعفریہ الائنس کے سیکریٹری اطلاعات نے بتایامقتول مختاراحمد اعظمی عائشہ منزل پرواقع اسلامک ریسرچ سینٹر ٹرسٹ کے چیئرمین تھے اوران کے بہیمانہ قتل پرجعفریہ الائنس سربراہ علامہ عباس کمیلی اورمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی سمیت دیگر رہنماؤں نے شدیدمذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کامطالبہ کیاہے۔

ایک اورواقعے میں موچکو کے علاقے خیبرچوک کے قریب سمنٹ ڈپو پر2موٹرسائیکلوں اورکارمیں سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے 60سالہ سرفرازاور اس کے بیٹے30سالہ گل نوازکو ہلاک کردیااورفرارہوگئے ۔مقتول باپ بیٹے کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کیلیے سول اسپتال پہنچائی گئیں، مقتول سرفراز کے بیٹے لال فرازکی مدعیت میں5ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔پولیس کے مطابق مقتول سرفرازکے بیٹے نے8ماہ قبل علاقے میں ایک مکان میں گھس کرلڑکی کومبینہ طورپرذیادتی کا نشانہ بناکرقتل کردیاتھا۔

خواجہ اجمیرنگری کے علاقے سیکٹر 1-A/2 چائے کے ہوٹل پربیٹھے ہوئے افراد پر2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اے ایس آئی48 سالہ عبدالغفور موقع پر جبکہ 42 سالہ حسین بخش نے عباسی شہیداسپتال میں دم توڑگئے۔فائرنگ کی زد میں آکرراہگیر 35سالہ معشوق بھی زخمی ہوگیا،مقتول اے ایس آئی منگھوپیر انویسٹی گیشن پولیس میں تعینات جبکہ مقتول حسین بخش درزی تھااور دونوں کا آبائی تعلق نوشہرو فیروز سے تھا ، پولیس واقعے کوذاتی دشمنی قراردے رہی ہے۔کورنگی ڈھائی نمبرپر فائرنگ سے 45سالہ حسین احمدعرف کالا ہلاک ہوگیا۔

مقتول ایک ٹانگ سے معذور تھا اوراس کا علاقے میں سعید نامی شخص سے جھگڑاہواتھا،پولیس واقعے کی مزیدتحقیقات کررہی ہے۔ ماڑی پور کے علاقے کے علاقے ہاکس بے روڈ نیول کالونی موڑ کے قریب چکن سینٹرپرفائرنگ سے دکان کا مالک 27 سالہ کاشف ہلاک ہوگیا،ایس ایچ او ماڑی پور شفیق تنولی کا کہناہے کہ کاشف کو اس کے قریبی رشتے دار نے ایک نامعلوم ساتھی کے ہمراہ ذاتی رنجش کی بناپرفائرنگ کر کے ہلاک کیاہے۔ نیپئرکے علاقے صدیق وہاب روڈ سے26سالہ شیخ عاصم حسین کی لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعد سراور سینے پر گولیاں مار کر قتل کیااور لاش پھینک کرفرارہوگئے،مقتول کورنگی ڈھائی نمبر سیکٹر 48-B کارہائشی اور گارمنٹس فیکٹری کا ملازم تھا۔

لیاری کھڈامارکیٹ شاہ ولی اﷲ روڈغوثیہ موبائل مارکیٹ کے قریب بوری میں بند22 سالہ نامعلوم نوجوان کی لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے اغواکے بعدبہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر سر پر گولی مارکرقتل کردیا اورلاش پھینک کرفرارہوگئے،مقتول نے جینزکی پینٹ اورشرٹ پہنی ہوئی ہے تاہم اس کی شناخت نہیں ہوسکی۔کورنگی صنعتی ایریاکے علاقے سی ویوروڈ ڈی ایچ او ویمن کالج کے قریب سڑک سے 18 سالہ نامعلوم نوجوان کی لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے ازار بندسے پھندالگاکرقتل کردیااور لاش پھینک کر فرار ہوگئے،مقتول نے شلوار قمیض پہن رکھی ہے تاہم اس کی شناخت نہیں ہوسکی۔

لیاقت آبادکے علاقے7 نمبرمیں گھرکی چھت پرکھڑی ہوئی13 مشعل نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے زخمی ہوگئی۔ جہانگیر روڈکے قریب فائرنگ سے زاہد علی جبکہ مواچھ گوٹھ کے قریب فائرنگ سے ولی محمدزخمی ہوگیا۔رات گئے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پراناحاجی کیمپ سریاگلی میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے سریا گلی کا چوکیدار30سالہ عرفان کچھی زخمی ہوگیاجبکہ گلشن اقبال کے علاقے راشدمنہاس روڈ الہ دین پارک کے قریب نامعلوم افرادکی فائرنگ سے زین العابدین زخمی ہوگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں