بولی وڈ میں اب نام بک رہے ہیں آشا پاریکھ

میں عامر خان کے ساتھ جوڑی بنانا پسند کروں گی، آشا پاریکھ


Cultural Reporter December 10, 2013
ہیروئنوں میں دیپیکا پڈوکون، ودیا بالن اور پریانکا چوپڑا کو بہت پسند کرتی ہوں، آشا پاریکھ فوٹو : فائل

دیو آنند، شمی کپور، دھرمیندر اور راجیش کھنہ جیسے معروف فنکاروں کے ساتھ 1960 اور 1970 کی دہائیوں میں پردہ سیمیں پر رومانوی سین کرنے والی اداکارہ آشا پاریکھ کو اگر موجودہ دور کے کسی ہیرو کے ساتھ جوڑی بنانی ہو تو ان کی پہلی پسند کیا ہوگی؟ جب آشا پاریکھ سے یہ سوال پوچھا گیا تو انھوں نے کہا: 'میں عامر خان کے ساتھ جوڑی بنانا پسند کروں گی۔

وہ مجھے بہت پسند ہیں۔ ان کے علاوہ مجھے شاہ رخ خان اور سلمان خان بھی پسند ہیں۔' میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آشا نے بتایا کہ ہیروئنوں میں وہ دیپیکا پڈوکون، ودیا بالن اور پریانکا چوپڑا کو بہت پسند کرتی ہیں۔ آشا پاریکھ نے یہ باتیں یو ٹی وی اسٹارز کے پروگرام 'واک آف دا سٹارز' میں حصہ لیتے ہوئے کہیں۔ 'واک آف دا سٹارز' کے تحت ہندی سنیما کے معروف فنکاروں کے ہاتھ اور پاؤں کے یادگار نقش لیے جاتے ہیں اور اسی سلسلے میں آشا پاریکھ کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔اس دوران آشا پاریکھ کے ساتھ اور ان کے دور کے کئی فنکار مثلا وحیدہ رحمان، جتندر، جیکی شیروف اور ہیلن بھی موجود تھے۔ آشا پاریکھ سے فلموں میں واپسی کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ مستقبل کے بارے میں کیا کہا جاسکتا ہے۔کچھ بھی ہوسکتا ہے اور میں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتی۔ فی الحال میں کوئی سکرپٹ نہیں دیکھ رہی ہوں۔



ان دنوں اپنا وقت گزارنے کے بارے میں انھوں نے کہا 'جو عام طور پر لوگوں کے معمول ہوتے ہیں میں وہی کرتی ہوں۔ کبھی کبھی میں، ہیلن، وحیدہ رحمن، سادھنا، نندا وغیرہ مل کر باہر کھانا کھانے جاتے ہیں۔ ہم اپنے دور کی باتیں کرتے ہیں۔ بس اسی طرح سے ہمارا وقت گزرتا ہے۔ آشا پاریکھ نے کچھ سال قبل ٹی وی سیریل میں بھی قدم رکھا تھا اور کئی سیریل بنائے تھے لیکن اب وہ اس طرح کا کوئی ارادہ نہیں رکھتیں۔ انہوں نے کہا: 'اب تو ڈیلی سوپ کا زمانہ ہے۔ تخلیقی صلاحیت کی جگہ ہی نہیں رہ گئی ہے۔ کئی سیریل تو خواتین کو اتنے برے طریقے سے پیش کرتے ہیں کہ میرا دل ہی نہیں چاہتا کہ انہیں دیکھوں۔

اب آپ ہی بتائیں جو چیز دیکھنا پسند نہیں، اس میں کام کیسے کیا جاسکتا ہے۔ بولی وڈ نے ترقی ضرور کی ہے مگر وہاں بھی اب صرف نام بک رہے ہیں، ہر کوئی صرف پیسہ کمانے کی دھن میں لگا ہوا ہے۔ہمارے دور میں میوزک ، سکرپٹ سمیت ہر شعبہ میں تخلیقی کام ہوا اسی لئے آج بھی ان کی مقبولیت میں کمی واقع نہیں ہوئی ہے۔ یہ ٹھیک ہے کہ دور کے ساتھ فلم میکنگ میں بہت کچھ نیا آگیا ہے ۔ اس کا مطلب ہرگز نہیں کہ تخلیقی کام کرنا ہی چھوڑ دیا جائے۔ آشا پاریکھ موجودہ دور کی فلموں میں آئٹم سنگ کے چلن سے بھی زیادہ خوش نہیں ہیں۔ وہ چاہتی ہیں کہ فلموں میں فوک میوزک کی واپسی ہونی چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں