جاپان میں اولڈ ہوم سیلابی ریلے میں بہہ گیا مجموعی ہلاکتیں 20 ہوگئیں

سیلابی ریلے سے تباہ ہونے والے اولڈ ہوم میں 14 بزرگ مردہ پائے گئے

25 افراد زخمی اور 9 لاپتہ ہیں، فوٹو : کیوڈو

ISLAMABAD:
جاپان میں سیلابی ریلے میں اولڈ ہوم کے بہہ جانے سے 14 بزرگوں کی ہلاکت سے مجموعی تعداد 20 ہوگئی ہے جب کہ 25 افراد زخمی اور 9 لاپتہ ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان کے جنوبی علاقے کے جزیرے کے یو شو میں اچانک اور مسلسل ہونے والی موسلا دھار بارش کے نتیجے میں دریا میں طغیانی آگئی اور سیلابی ریلا رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا۔ سیلابی ریلے نے اپنے راستے میں آنے والے پل، سڑکوں اور مکانوں کو تہس نہس کر کے رکھ دیا۔




سیلابی ریلا ایک اولڈ ہوم کو بھی بہا کر لے گیا جس کے نتیجے میں 14 بزرگ ہلاک ہوگئے جب کہ دیگر علاقوں میں مٹی کے تودے گرنے کے واقعات میں بھی ہلاکتیں ہوئی ہیں جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 20 سے زائد ہوگئی ہیں۔ 25 زخمیوں کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی جب کہ 9 افراد لاپتہ ہیں۔



فوج، کوسٹ گارڈ اور ریسکیو ادارے کے 10 ہزار سے زائد رضاکار امدادی کاموں میں حصہ لے رہے ہیں، 2 لاکھ افراد کو متاثرہ علاقوں سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ امدادی کاموں میں ہیلی کاپٹرز کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

 
Load Next Story