شردھا کپور کی سدھارتھ ملہوترا کے ساتھ’’دی ولن‘‘ کی پہلی تصویر جاری

موہت سوری کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم کی شوٹنگ گوا میں جاری رتیش دیشمکھ اور امریتا پوری منفی کردار کررہے ہیں

تھرل فلم میں کام کرنے کی خواہش تھی جو ’’دی ولن‘‘ سے پوری ہورہی ہے، ’’ انگلی‘‘ میں آئٹم سانگ کررہی ہوں، اداکارہ کی گفتگو۔ فوٹو: فائل

عاشقی 2 سے شہرت حاصل کرنے والی بالی ووڈ اداکارہ شردھا کپور کی سدھارتھ ملہوترا کے ساتھ پہلی ایکشن اور رومانوی فلم ''دی ولن'' کی پہلی تصویر جاری کردی گئی۔

بالاجی موشن پکچرز کے زیر اہتمام بنائی جانیوالی فلم کی ہدایات فلموں راز 2، مرڈر 2 اور عاشقی 2 کے ہدایتکار موہت سوری دے رہے ہیں اور اس کی پروڈیوسر ایکتا کپور ہیں جب کہ اس کی کہانی تشار ہیراندانی نے تحریر کی ہے جب کہ میوزک متھن نے ترتیب دیا ہے ۔ بالا جی موشن پکچرز کے تحت جاری ہونے والی تصویر میں ہیلمٹ پہنے شردھا کپور کو موٹر سائیکل چلاتے دکھایا گیاہے جب کہ سدھارت ملہوترا پیچھے بیٹے اداکارہ کو موٹرسائیکل چلانا سکھا رہے ہیں۔

ہدایتکار موہت سوری کے مطابق اداکارہ جو مستقبل قریب میں خود بھی موٹر سائیکل خریدنے کا ارادہ رکھتی ہیں اور فلم میں اپنے کردار کو بہتر طور سے اداکرنے کے لیے موٹرسائیکل چلانا سیکھتی رہی ہیں نے اس سین کو بہت آسانی کے ساتھ عکس بند کروالیا ہے۔ فلم میں شردھا کپور اور سدھارت ملہوترا کے ساتھ رتیش دیشمکھ اور امریتا پوری مرکزی کردار ادا کررہے ہیں دیگر کاسٹ میں کمال راشد خان ، شاد رندھاوا اور ریمو فرنینڈس شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق فلم کی شوٹنگز ان دنوں گوا میں جاری ہیں جس کے بعد اس کی عکسبندی ممبئی اور تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں کی جائے گی جب کہ فلم کو 20 جون 2014 کو سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ ابتدا میں اس فلم میں عالیہ بھٹ اور ایشا گپتا کے ساتھ مرکزی کردار کے لیے رابطہ کیا گیا مگر شردھا نے جیسے ہی اسکرپٹ سنا تو فوراً فلم میں کام کرنے کی حامی بھر لی ۔ایک انٹڑویو کے دوران اداکارہ کا کہنا ہے کہ فلم عاشقی ٹو میں رومانوی کردار کرنے سے مجھے شہرت ملی مگر میں خود پر ایک رومانوی اداکارہ کی چھاپ نہیں لگوانا چاہتی۔ میں اب مختلف قسم کے کردار کرنا چاہتی اور خود کو آزمانا چاہتی ہوں مگر حقیقت یہ ہے کہ لوگوں نے مجھے ''عاشقی 2'' جس میں میرا کردار ''اروہی ''نامی لڑکی کا تھامیں پسند کیا اور وہ چاہتے ہیں کہ میں مزید رومانوی فلمیں کروں جب کہ اب مختلف کرنا چاہتی ہوں۔


اداکارہ کا کہنا تھا میری خواہش تھی کہ کسی فلم میں ایسا کردار کروں جس میں تھرل اور ایکشن ہو ہدایتکار موہت سوری اور ایکتا کپور نے مجھے ایکشن اور تھرل سے بھر پور فلم ''دی ولن'' میں مرکزی کردار کی پیشکش کی تو مجھے اپنی خواہش پوری ہوتی محسوس ہوئی جس پر میں نے اسے کسی حیل و حجت کے بغیر قبول کرلیا۔



میں اس فلم میں اپنے کردار کو جاندار طریقے سے اداکرنے کے لیے موٹر سائیکل چلانا سیکھ چکی ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس فلم میں ہیروئن اور سدھارتھ ملہوترا ہیرو کا کردار کررہے ہیں جب کہ رتیش دیش مکھ اور امریتا پوری منفی کرداروں پر اپنی پرفارمنس دکھا رہے ہیں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ''عاشقی 2 '' کے بعد ہدایتکار موہت سوری کے ساتھ یہ میری دوسری فلم ہے اور میں اس کے متعلق بہت جذباتی ہوں کیونکہ میں نے اس فلم میں رومانوی کے ساتھ ساتھ ایکشن کردار بھی ادا کرنے کی بھر پور کوشش کی ہے امید ہے شائقین کو اس فلم میں میرا کردار اور پرفارمنس پسند آئے گی اور وہ اس فلم کو بھی ''عاشقی 2 '' کی طرح کامیاب بنائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ اب وقت بدل چکا ہے اور میں انڈسٹری میں بھرپور طریقے سے موجود ہوں۔ اداکارہ کا کہنا ہے بالی ووڈ فلموں میں ائٹم نمبر ایک لازمی جزو بن چکا ہے اور اس کے لیے میں نے باقاعدہ رقص کی تربیت حاصل کی ہے اگلے برس فلم انگلی کے ایک آئٹم سانگ میں فلم بینوں کو نظر آؤں گی۔

واضح رہے کہ 3 مارچ 1989 کو ممبئی میں مشہور اداکار شکتی کپور کے گھر پیدا ہونے والی اداکارہ شردھا کپور نے اپنی ابتدائی تعلیم جوہی کے جمنا بائی نرسری اسکول سے حاصل کی۔ پھر بوسٹن یونیورسٹی میں داخلہ لیا جہاں سے شعبہ تھیٹر سٹیڈی میں ڈپلومہ حاصل کیا۔ اداکارہ شردھا کپور کی پہلی فلم 2010 میں ریلیز کی گئی ،اس فلم ''تین پتی ''میں شردھا نے بالی وڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ پرفارم کیا اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ اس کے بعد 2011 میں فلم ''لوکا تو اینڈ''کی۔ اس فلم پر اداکارہ کی عمدہ پرفارمنس پر انھیں بہترین اداکارہ کا اسٹار ڈسٹ اسکرین لائٹ ایوارڈ دیا گیا۔ بالی وڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ اداکارہ شردھا کپور کی پرفارمنس میں واقعی ایک سال میں ہی نکھار آیا ہے اور انھوں نے بڑا ایوارڈ جیت کر نئے چہروں میں اپنا ممتاز مقام بنالیا ہے۔ اداکارہ کی نئی فلم سے کئی طرح کی توقعات وابستہ کی جاسکتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ فنکار گھرانے کے افراد جلدی سیکھتے ہیں۔
Load Next Story