کراچی میں موسلا دھار بارش مختلف حادثات میں 9افراد جاں بحق

شہر میں 200 سے زائد فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کی ترسیل کا نظام درہم برہم ہوگیا


ویب ڈیسک July 06, 2020
شہر میں سب سے زیادہ بارش صدر میں 42 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے.فوٹو، فائل

شہر قائد میں مون سون کی پہلی بارش کے دوران مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے اور ترسیل کا نظام بری طرح متاثر ہونے سے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل اور سڑکوں پر برساتی پانی جمع ہونے سے شدید ٹریفک جام ہے۔

بارش کے دوران مکان کی چھتیں ،دیواریں گرنے اور کرنٹ لگنے کے مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق چکے ہیں۔ دوسری جانب بارش کے بعد شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوچکی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہرمیں 200سےزائدفیڈرزٹرپ کرگئے ہیں جس کے بعد لیاری،بلدیہ ،کیماڑی،کورنگی اورلانڈھی کےعلاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ نیوکراچی،نارتھ کراچی،بفرزون،لیاقت آباد،اورنگی ٹاون میں بھی بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔

موسم کی پہلی بارش سے شہر میں نکاسی آب کے ناقص نظام کے باعث شارع فیصل ، کورنگی ایکسپریس وے، کورنگی روڈ سمیت شہر کی مختلف شاہراہوں پر برساتی پانی جمع ہونے کے باعث شدید ٹریفک جام ہوگیا جس کے باعث شہریوں کو مسائل کا سامنا رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سرجانی میں 1 اعشاریہ دو، کلفٹن میں 6ملی میٹر،لانڈھی میں 3 اعشاریہ ایک ملی میٹر،اولڈ ائیرپورٹ پر 10 ملی میٹر،پی اے ایف مسرور میں 12ملی میٹر، پی اے ایف بیس فیصل میں 26ملی میٹر،ناظم آباد میں 22ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شہر میں سب سے زیادہ بارش صدر میں 42 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں موسلا دھار بارش سے اربن فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔ بارشوں کا سلسلہ ستمبر کے آخر تک برقرار رہے گا اور شہر میں مون سون کے کئی اسپیل بارش کا سبب بنیں گے۔شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں