پورے ملک میں گندم اور آٹے کی یکساں قیمتیں نافذ کی جائیں وزیر اعظم کی ہدایت

جے آئ ٹی کی رپورٹ کے تناظر میں چینی کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف مزید موثر کارروائی کی جائے، عمران خان


ویب ڈیسک July 06, 2020
پنجاب حکومت کوآٹے کی قیمتوں میں کمی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان نے پورے ملک میں گندم اور آٹے کی یکساں قیمتوں کے نفاذ کی ہدایت جاری ہے۔

وزیراعظم نے وزیر برائےنیشنل فوڈ سیکیورٹی سید فخر امام کی سربراہی میں تمام صوبائی چیف سیکرٹریز کو گندم اور آٹے کے حوالے سے مربوط اور ہم آہنگ حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ گندم اور آٹے کی قیمتوں میں تمام صوبوں میں یکسانیت کے ساتھ ساتھ ہر صوبے میں ضرورت کے مطابق مناسب ذخیرے کو یقینی بنانے کے لیے بھی ہدایات جاری کی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکمت عملی کا محور کسان اور عام شہری ہوں کیونکہ ماضی میں منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر نے نہ صرف کسان کو اس کے جائز منافع سے محروم کیا بلکہ عام آدمی کو بھی زائد قیمت پر آٹا خریدنے پر مجبور کیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی لانے کے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا ۔ صوبائی چیف سیکرٹریز نے اجلاس کو بنیادی اشیائے ضرور یہ کی قیمتوں میں کمی لانے کے لئے اقدامات اور ان اقدامات کے نتائج کا تقابلی جائزہ پیش کیا ۔

کورونا وائرس کی صورتحال کے تناظر میں صوبوں میں ضروری ادویات، اور آکسیجن کی سپلائ کو بلا تعطل ممکن بنانے کے حوالے سے بھی شرکاء کو تفصیلی آگاہ کیا گیا ۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے چینی اور آٹے کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن کا ذکر کرتے ہوئے اجلاس کو آگاہ کیا کہ اب تک 716 ٹن آٹا اور ایک ارب سے زائد مالیت کی 16008.5 ٹن چینی بڑے ذخیرہ اندوزوں اور ڈیلروں سے تحویل میں لی گئی ہے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ انتظامیہ اور متعلقہ حکام کے اقدامات کے نتیجے میں صوبہ پنجاب میں چینی کی قیمت سب سے کم ہے ۔

وزیراعظم عمران خان نے جے آئ ٹی کی رپورٹ کے تناظر میں چینی کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف مزید موثر کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے ۔

گندم اور آٹے کی عوام کو بلا تعطل اور کم قیمت پر دستیابی کو ممکن بنانے کے حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد صوبائ حکومت تقریبا 35ارب روپے مالیت کی گندم کل سے ریلیز کر رہی ہے۔ اس اقدام کی نتیجے میں نہ صرف آٹے کی قلت ختم ہو گی بلکہ گندم اور آٹے کی قیمت میں مرحلہ وار کمی بھی ہو گی ۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں آٹا بحران ٹل گیا، فلورملز اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب

وزیراعظم عمران خان نے صوبہ پنجاب کی طرف سے گندم کے حوالے سے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ گندم کی کم قیمت اور بلا تعطل دستیابی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت کے حوالے سے کوئی دقت درپیش نہ ہو۔

اجلاس میں وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی سید فخر امام، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور سینئر افسران شریک تھے جبکہ صوبہ پنجاب، سندھ، بلوچستان کےچیف سیکرٹریز اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک تھے ۔

عمران خان نے پنجاب حکومت کوآٹے کی قیمتوں میں کمی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم نے حکم دیا کہ چاہیں ذخیرہ اندوزی پکڑیں یا سبسڈی دیں، غریب کو آٹا سستا فراہم کریں اور ہر حال میں آٹے کی قیمت پرانی سطح پر بحال کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |