سری لنکا سے سیریز عمر گل کی فٹنس پر سمجھوتہ نہ کرنے کا فیصلہ

میڈیکل پینل نے ٹیسٹ کے بعد کرکٹ میں واپسی کیلیے مزید انتظارکا مشورہ دیدیا


Sports Reporter December 10, 2013
ڈومیسٹک کرکٹ میچ کھیلتے ہوئے بھی کوئی مسائل سامنے نہیں آئے،قومی ٹیم میں شمولیت کیلیے تیار ہوں،عمرگل۔فوٹو:فائل

پی سی بی نے عمر گل کی فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا، میڈیکل پینل نے ٹیسٹ لینے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کیلیے مزید انتظارکا مشورہ دیدیا، فی الحال ڈومیسٹک مقابلے میں صلاحیتیں آزمائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے خلاف 18سے 27دسمبر تک شیڈول ون ڈے سیریز کے لیے سلیکشن کمیٹی نے ابتدائی فہرست مرتب کرلی، آئی لینڈرز سے ٹوئنٹی 20سیریز کا دوسرا اور آخری میچ 13دسمبر کو ہونے کے بعد کھلاڑیوں کا حتمی انتخاب کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سلیکٹرز نوجوان کرکٹرز کو موقع دینے کیلیے یو اے ای میں ان کی پرفارمنس پر نظر رکھے ہوئے ہیں، محمد عرفان کا خلا پُر کرنے کیلیے عمر گل کے نام پر بھی غور کیا گیا، گذشتہ روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پی سی بی کے میڈیکل پینل نے ان کا فٹنس ٹیسٹ بھی لیا، پیسر کا کہنا ہے کہ گھٹنے کے آپریشن کے بعد بحالی پروگرام کا بڑا فائدہ ہوا، ڈومیسٹک کرکٹ میچ کھیلتے ہوئے بھی کوئی مسائل سامنے نہیں آئے،قومی ٹیم میں شمولیت کیلیے تیار ہوں۔



دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ حال ہی میں طویل قامت پیسر محمد عرفان کے مسائل سمیت پاکستان کو انجریز کی وجہ سے خاصی پریشانی اٹھانا پڑی، ڈاکٹرز کے مطابق عمر گل کی فٹنس ابھی اس معیار کی نہیں کہ انھیں انٹرنیشنل کرکٹ کے سخت چیلنج کے قابل قرار دیا جاسکے، اس صورتحال میں پی سی بی اپنے ایک اہم بولر کے حوالے سے کوئی خطرہ مول لینے کو تیار نہیں۔عمر گل 13دسمبر سے شروع ہونے والے پریذیڈنٹ ٹرافی کے 4روزہ میچ میں حبیب بینک کی طرف سے پورٹ قاسم کیخلاف ایکشن میںہوں گے، سلیکٹرز طویل فارمیٹ کے میچ میں ان کی فارم اور فٹنس پر نظر رکھتے ہوئے مستقبل کے حوالے سے کوئی فیصلہ کرسکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں