ملک میں کورونا وائرس کا گراف نیچے آنا تسلی بخش ہے وزیر اعظم

گزشتہ عید کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے عیدالاضحی پر سختی کے ساتھ ایس او پیز نافذ کیے جائیں، عمران خان


ویب ڈیسک July 08, 2020
اجلاس میں وزیرِ اعظم کو کورونا کی ملکی و علاقائی صورت حال اور اسمارٹ لاک ڈاؤن حکمت عملی کے مثبت نتائج سمیت دیگر امور پر بریفنگ دی گئی۔ (فوٹو، فائل)

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا گراف مسلسل نیچے آنا تسلی بخش امر ہے اپنے تجربات سے سیکھتے ہوئے انتظامی اقدامات کو مزید موثر بنانا ہوگا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کورونا وائرس کی صورت حال کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں وزیرِ اعظم نے کورونا کی روک تھام کے حوالے سے مثبت نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جہاں یہ امر تسلی بخش ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا گراف مسلسل نیچے آ رہا ہے وہاں ہمیں اس کی روک تھام کے لیے اپنے تجربات سے سیکھتے ہوئے انتظامی اقدامات کو مزید موثر بنانا ہوگا۔

عیدالضحیٰ کے حوالے سے مرتب کی جانے والی حکمت عملی پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ گذشتہ عید کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے عیدا لاضحی کے موقع پر حفاظتی اقدامات اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کرایا جائے۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو کورونا کی ملکی و علاقائی صورت حال، اسمارٹ لاک ڈاؤن حکمت عملی کے مثبت نتائج، ہسپتالوں میں کوویڈ کے لئے درکار سہولتوں سے آراستہ بیڈ ز میں اضافے اور خصوصاً عید الضحیٰ اور محرم میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے تشکیل دی جانے والی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ اس وقت ملک کے 30 شہروں میں 227مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا جا رہا ہےجس کے نہایت مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ خطے کے دیگر ممالک کے تجربات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کورونا کی روک تھام کے حوالے سے مکمل لاک ڈاؤن کی حکمت عملی سے جہاں مطلوبہ نتائج میسر نہیں آئے وہیں معاشی مجبوریوں کی وجہ سے لاک ڈاؤن اٹھانے کی بدولت کورونا کے پھیلاؤ اور اموات میں واضح اضافہ ہوا ہے۔اس کے برعکس پاکستان میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی نہایت موثر رہی ہے۔



کورونا وائرس سے متعلقہ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ کورونا کیسز میں کمی کی بدولت ہسپتالوں پر پڑنے والے بوجھ میں خاطر خواہ کمی سامنے آئی ہے، وبا سے متاثرہ مریضوں کے لئے مخصوص سہولتوں سے آراستہ بستروں کی تعداد میں اب تک 15 سو کا اضافہ کیا جا چکا ہے جبکہ آئندہ چند روز میں اس تعداد کو ڈھائی ہزار تک پہنچا دیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کے اجلاس صوبائی دارالحکومتوں میں منعقد کیے جائیں اور صوبائی حکومتوں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون اور کوارڈینیشن سے انتظامی اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء محمد حماد اظہر، مخدوم خسرو بختیار، اعجاز احمد شاہ، سید فخر امام، اسد عمر، مشیر عبدالرزاق داؤد، معاونین خصوصی لیفٹنٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ، شہباز گل، فوکل پرسن ڈاکٹر فیصل سلطان، چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹنٹ جنرل محمد افضل و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں