کراچی میں ٹارگٹ کلنگ جاری متحدہ کے کارکن سمیت مزید8 افراد قتل

ایم کیو ایم آرگنائزنگ کمیٹی کا رکن پاکستان بازار اورنگی میں نشانہ بنا، کھوکھراپار میں دکان ایک شخص قتل


Staff Reporter December 10, 2013
بنارس پل کے نیچے رکشا ڈرائیور ،نیوکراچی میں پکوان سینٹر کا مالک ہلاک، عزیز بھٹی کے علاقے سے گھر کے واٹر ٹینک سے 60 سالہ خاتون کی لاش ملی فوٹو؛فائل

ISLAMABAD: پولیس و رینجرز کی جانب سے کراچی میں جرائم پیشہ افراد کی گرفتاریوں کے دعوے انتہائی کھوکھلے ثابت ہورہے ہیں۔

جبکہ ٹارگٹ کلرز دن بھر شہریوں کو موت کی نیند سلانے میں مصروف رہے۔ پیر کو بھی نامعلوم قاتلوں نے 8 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان بازاراورنگی ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 45 سالہ محمود ولد محمد علی ہلاک ہوگیا ، مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی۔ ایس ایچ او پاکستان بازار پرویز گجر نے بتایا کہ مقتول متحدہ آرگنائزنگ کمیٹی (ایم او سی) کا کارکن تھا۔پاکستان بازار کے ہی علاقے عزیز نگر میں فائرنگ سے 28 سالہ مزمل حسین ولد انور حسین ہلاک ہوگیا۔ پولیسکا کہنا ہے کہ مقتول ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا، ایس ایچ او نے شبہ ظاہر کیا کہ مقتول کو رقم کے بٹوارے پر اس کے ساتھیوں نے ہی قتل کیا ہے ۔ کھوکھراپار کے علاقے میں ڈاکخانے کے قریب دکان پر فائرنگ سے 35 سالہ ندیم ولد سلطان مارا گیا ، مقتول کی لاش جناح اسپتال پہنچائی گئی۔ ایس ایچ او امام دین کے مطابق مقتول پیشے کے اعتبار سے دھوبی تھا اور اس کا کسی سیاسی یا مذہبی جماعت سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ مقتول کے ورثا نے ذاتی دشمنی سے بھی انکار کیا ہے۔ پیرآباد کے علاقے بنارس میں پل کے نیچے فائرنگ سے 28 سالہ بہرام خان ولد یونس خان ہلاک ہوگیا ۔

ایس ایچ او پیرآباد سب انسپکٹر معید نے بتایا کہ مقتول رکشا ڈرائیور تھا اور واقعے کے وقت وہ اپنے رکشے میں بیٹھاچائے پی رہا تھا ، فائرنگ کی زد میں آکر 50 سالہ بہادر ولد عابد زخمی ہوگیا جسے جناح اسپتال پہنچایا گیا۔ گلشن اقبال کے علاقے عزیز بھٹی بلاک 9 میں مکان نمبر C-44 کے پانی کے ٹینک کے اندر سے 60 سالہ فضیلہ دختر داؤد کی لاش ملی جس کی گردن پر تیز دھار آلے کے وار بھی تھے۔ ایس ایچ او عزیز بھٹی غلام حسین پیرزادہ نے بتایا کہ واقعہ پراسرار ہے، فضیلہ غیر شادی شدہ تھی اور اپنے بھائی بھابھی کے ساتھ رہتی تھی۔ ورثا نے بیان دیا ہے کہ وہ اتوار سے اپنے کسی رشتے دار کے گھر گئے ہوئے تھے ، پیر کو جب واپس آئے تو فضیلہ کو ہر ممکن مقام پر تلاش کیا لیکن وہ نہ ملی، شام کو جب انھوں نے واٹر ٹینک میں جھانکا تو انھیں لاش نظر آئی جس پر انھوں نے پولیس کو مطلع کیا ، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔لیاقت آباد ڈاکخانے پرفائرنگ سے 25 سالہ مظفر زیدی ولد دلاور زیدی زخمی ہوگیا۔



ایس ایچ او سپر مارکیٹ انظار عالم نے بتایا کہ واقعہ لیاقت آباد تھانے کی حدود میں ہوا ہے تاہم لیاقت آباد پولیس نے بھی واقعے کی تصدیق سے انکار کیا۔ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے صدر موبائل مارکیٹ میں 25 سالہ جوزف، کلاکوٹ میں پولیس کانسٹیبل 45 سالہ تصور حسین ولد ہاشم، لانڈھی ساڑھے5 نمبر میں پیر بازار کے قریب 30 سالہ شمشاد ، منگھوپیر ناردرن بائی پاس پر 20 سالہ صاحبزادہ، گارڈن میں چڑیا گھر کے قریب 30 سالہ شہزاد ولد شجاع، کورنگی ساڑھے 3 نمبر پر محمدی مسجد کے قریب شمشاد بیگ ولد سمیر زخمی ہوگئے۔ پہلوان گوٹھ میں پڑوسیوں کے جھگڑے کے دوران تیز دھار آلے کے وار سے 35 سالہ ظفر اقبال زخمی ہوگیا ۔

آرام باغ کے علاقے سوبھراج اسپتال کے قریب فائرنگ سے 55 سالہ آفتاب جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول بوہری اور لائٹ ہاؤس پیپر مارکیٹ کا رہائشی تھا تاہم فوری طور پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے یا ڈکیتی میں مزاحمت کا شاخسانہ۔بلدیہ ٹاؤن کے علاقے ناردرن بائی کے قریب جھاڑیوں سے 22 سالہ خاتون کی 8 روز پرانی لاش ملی جو 2ٹکڑوں میں تھی۔ لیڈی ایم ایل او نے اجزاء کیمیکل کے لیے محفوظ کرلیے ہیں اور میڈیکل رپورٹ کے بعد ہی وجہ موت اور زیادتی کے حوالے سے معلوم ہو سکے گا تاہم خاتون کے قبضے سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی جس سے اس کی شناخت میں مدد مل سکے۔ نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے سیکٹر 11-G میں نامعلوم ملزمان نے کار نمبر ABW-916 پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں سید قمر حسنین جاں بحق ہوگئے جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ایس ایس پی سینٹرل عامر فاروقی نے بتایا کہ مقتول گلشن معمار میں واقع پکوان سینٹر کا مالک تھا اور نیوکراچی گودھرا میں کھانا پہنچانے کے لیے آیا تھا، مقتول کار میں سوار تھا جبکہ کھانے کی دیگوں اور دیگر سامان سے لدی ہوئی گاڑی آگے چل رہی تھی کہ اس دوران قمر حسنین کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا، مقتول فیڈرل بی ایریا بلاک 17 کا رہائشی ہے۔ پولیس بھتہ خوری اور فرقہ وارانہ سمیت دیگر پہلوؤں پر تحقیقات کر رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |