نثار کا بیان اعتراف جرم ہے کارکن نئے انتخابات کی تیاری کریں عمران خان

ووٹوں کی تصدیق تک موجودہ چیئرمین نادراکونہیں جانا چاہیے،22دسمبر کو ناصر باغ لاہور سے نیا سونامی آئے گا

حکمراں چاہیں توڈرون گرانے کے علاوہ اتاربھی سکتے ہیں،سینئرصحافیوں سے ملاقات،خطاب،ملک میں ایک خاندان کی حکومت ہے،شیخ رشید ۔ فوٹو : این این آئ

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ چوہدری نثارکا بیان اعتراف جرم کے مترداف ہے،11مئی کا پورا الیکشن ہی غیر شفاف ہوگیا ہے۔

جب تک ووٹوں کی تصدیق کا عمل مکمل نہیں ہوتا موجودہ چیئرمین نادرا کو نہیں جانا چاہیے،کارکنوں کو 2014ء کے موسم گرما میں نئے قومی انتخابات کی تیاری کی ہدایت کردی، ڈرون حملے روکے بغیر طالبان مذاکرات کے لیے آمادہ نہیں ہیں، مذاکرات کیلیے علما سے کہیں زیادہ مفید قبائلی جرگہ ہوگا کیونکہ ساڑھے 3لاکھ کی آبادی میں دہشتگردوں کی تعداد 20,25ہزار سے زیادہ نہیں باقی سب لوگ امن کے خواہاں ہیں، دہشتگردی کیخلاف جنگ فوج نہیں قبائلی لوگ جتوائیں گے، نواز شریف کہتے ہیں شمالی وزیرستان میں آپریشن کی کامیابی کا تناسب محض 40فیصد تک ہو گا،میں کہتا ہوں آپریشن نہیں پہلے مذاکرات کریں جوفوج کو اعتماد میں لیے بغیرنہیں ہوسکتے، 22دسمبر کوناصر باغ لاہور سے نیا سونامی آئے گا۔




وہ سینئر صحافیوں سے ملاقات اورلاہور سے منتخب پارٹی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید، عبدالعلیم خان، جہانگیر ترین، عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید بھی موجود تھے۔ عمران نے کہا کہ حکمران چاہیں توڈرون گرا بھی سکتے ہیں اور اسے اتار بھی سکتے ہیں ، عوام 22 دسمبر کو ثابت کریں گے کہ سونامی کہیں نہیں گیا اور وہ 23مارچ کی طرح آج بھی پی ٹی آئی کیساتھ ہیں، انھوں نے عہدیداران اور کارکنوں سے احتجاج میں بھرپور شرکت کی اپیل کی جہاں وہ مہنگائی کم کرنے اور قومی مسائل کے حل کے لیے پروگرام کا اعلان کرینگے۔ شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں عملی طور پر ایک خاندان کی حکومت ہے،لاہور کے زندہ دلان 22دسمبر کونئی تاریخ رقم کرینگے ۔
Load Next Story