حکومت کا 15 ستمبر سے ملک بھر کے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان

تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر عمل درآمد سے متعلق ٹریننگ ہوگی، شفقت محمود


ویب ڈیسک July 09, 2020
جولائی کے دوسرے ہفتے سے فنی تعلیم کے امتحانات لینے کی اجازت ہو گی، شفقت محمود فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے 15 ستمبر سے ملک بھر کے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ملک بھر میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ کورونا کی صورتحال میں تعلیم کا بڑا نقصان ہوا، ہم نے جو اجلاس کیے ان میں اسکول کھولنے سمیت متعدد امور زیرغور آئے، ملک بھر کے تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اگست کے پہلے اور پھر تیسرے ہفتے فیصلے پر نظر ثانی کریں گے، ستمبر کے پہلے ہفتے میں دوبارہ صحت کے انڈیکیٹرز کو مد نظر رکھا جائے گا، معاملات ٹھیک ہوجاتے ہیں تو پھر 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھول دیں گے۔

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ فیصلہ ہوا ہے کہ مختلف تعلیمی اداروں کو انتظامی دفاتر پہلے کھولنے کی اجازت دی جائے۔ عید الاضحیٰ کے بعد یا اگست کے آغاز میں اسکول، کالجز، یونیورسٹیاں اساتذہ اور عملے کو بلا سکیں گے اور حفاظتی انتظامات یا ایس او پیز کی پریکٹس کی جا سکے گی۔ اس حوالے سے کسی تاریخ یا وقت کے تعین کا اختیار صوبوں کے پاس ہے۔

شفقت محمود کا کہنا تھا کہ 13 مارچ کے بعد امتحانات روک دیے گئے تھے تاہم اب جو ادارے امتحانات لینا چاہتے ہیں وہ جولائی کے دوسرے ہفتے سے ایسا کر سکتے ہیں۔ یونیورسٹیوں میں داخلوں کے لیے ہونے والے امتحانات کو دو روز پر محیط کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ہجوم نہ بنے۔ امتحانات کھلے میدان میں ہوں گے، طلبہ کا درمیانی فاصلہ 6 فٹ ہو گا۔امتحانات کی نگرانی کی جائے گی، ایس او پیز پر عمل نہ ہونے پر امتحان کو روک دیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں