مقبوضہ کشمیر میں بی جے پی رہنما والد اور بھائی سمیت قتل

حملے کے وقت مقتول رہنما کی حفاظت کیلیے 10 پولیس اہلکار اور ذاتی محافظ بھی گھر کی پہلی منزل پر موجود تھے


ویب ڈیسک July 09, 2020
بی جے پی کے ضلعی صدر کی حفاظت کیلیے 10 پولیس اہلکار پہلی منزل میں موجود تھے، فوٹو : ٹویٹر

مقبوضہ کشمیر کے ضلع باندی پورہ میں نامعلوم مسلح شخص نے اندھا دھند فائرنگ کرکے حکمراں جماعت بی جے پی کے رہنما کو والد اور بھائی سمیت ان کے گھر پر قتل کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع باندی پورہ میں بی جے پی کے مقامی رہنما شیخ وسیم باری کے گھر پر ذاتی محافظوں کے علاوہ 10 پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کا بھی حکم تھا، سیکیورٹی اہلکاروں کی پہلی منزل میں موجودگی کے باوجود نامعلوم حملہ آور نے بی جے پی رہنما کو قتل کردیا۔

کشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں بے جی پی رہنما شیخ وسیم باری، ان کے والد بشیر احمد اور بھائی عمر بشیر شامل ہیں۔ حملہ آور موٹرسائیکل سوار تھا جس نے سائیلنسر لگے پستول سے فائرنگ کی۔ بی جے پی رہنما کی حفاظت پر تعینات 10 پولیس اہلکاروں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے حملہ آور کی شناخت نہ ہونے کے باجود قتل کا الزام ایک نئی مزاحمتی تنظیم پر عائد کیا ہے تاہم اس حوالے سے شواہد پیش کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ہلاک ہونے وسیم باری کے والد اور بھائی بھی بی جے پی کے لیے کام کرتے تھے۔

واضح رہے کہ شیخ وسیم باری کا گھر باندی پورہ پولیس اسٹیشن سے محض 10 میٹر کی دوری پر ہے جب کہ ضلع میں جگہ جگہ بھارتی فوج کے اہلکار تعینات ہیں اس کے باوجود حکمراں جماعت کے رہنما کا قتل ہوجانا حیران کن امر ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں