مون سون سسٹم ختم کراچی میں تیز بارش کا کوئی امکان نہیں

شہر میں مون سون کا اگلا سلسلہ 18 سے 20 جولائی کے درمیان متوقع ہے، محکمہ موسمیات

جمعے کو کہیں کہیں بوندا باندی اور پھوار پڑسکتی ہے، محکمہ موسمیات (فوٹو : فائل)

مون سون کی بارشوں کا سبب بننے والا سسٹم ختم ہوگیا، شہر میں مذید تیز بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کی بارش برسانے والا سسٹم جمعرات کی دوپہر پسنی اور گوادر کی جانب منتقل ہونے کے بعد سمندر میں ختم ہوگیا، جس کے بعد اب کراچی میں گرج چمک کے ساتھ مزید تیز بارشیں ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے، تاہم مون سون سلسلے کے اثرات کی وجہ سے جمعے کو کہیں کہیں بوندا باندی اور پھوار پڑسکتی ہے، جب کہ سمندری ہوائیں مکمل طور پر بحال ہونے کا بھی امکان ہے۔


محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو مون سون سسٹم کے اثرات کے باعث شہر میں سمندری ہوائیں نہ چلنے سے شدید حبس محسوس کی گئی، اور گرمی کا پارہ اصل درجہ حرارت سے کئی ڈگری زائد محسوس کیا گیا، جمعرات کو شہر کا زیادہ سے زیادہ پارہ 38.2 ڈگری ریکارڈ ہوا، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت گزشتہ دنوں کے مقابلے میں 4 ڈگری کمی سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، ہوا میں نمی کا تناسب صبح کے وقت 82 جب کہ شام کو 64 فیصدریکارڈ ہوا، تاہم شام کو سمندر کی بند ہوائیں جذوی طور پر بحال ہوگئیں۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق شہر میں مون سون کا اگلا سلسلہ 18 سے 20 جولائی کے درمیان متوقع ہے، آج سے سمندر کی متاثر ہونے والی ہوائیں مکمل طور پر بحال ہونے کا امکان ہے، سمندری ہوائیں فعال ہونے کے بعد شہر میں جاری حبس میں کمی ہونے کا امکان ہے۔

 
Load Next Story