نجکاری کے باوجود کے الیکٹرک میں بہتری نہیں آ رہی نیپرا

چیئرمین نیپرا کی زیر صدارت کے الیکٹرک کے حوالے سے عوامی سماعت،کے الیکٹرک کے سی ای او سماعت چھوڑ کر چلے گئے


ویب ڈیسک July 10, 2020
کے الیکٹرک نے گیارہ مہینے سے گرڈ اسٹیشنز کو اپ گریڈ نہیں کیا، اضافی بجلی اٹھانے کی صلاحیت نہیں، نیپرا

KARACHI: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے چیئرمین نے کہا ہے کہ نجکاری کے باوجود کے الیکٹرک میں بہتری نہیں آ رہی اور لوڈشیڈنگ ختم ہونے تک کے الیکٹرک کے مختلف ٹیرف ختم کردینے چاہئیں۔

چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی زیر صدارت نیپرا میں کے الیکٹرک کے حوالے سے عوامی سماعت ہوئی جس میں نیپرا اتھارٹی کے تمام ممبران اور دیگر نے شرکت کی۔

وائس چیئرمین نیپرا سیف اللہ چٹھہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سماعت کا مقصد کے الیکٹرک کے حوالے سے بڑھتی ہوئی عوامی شکایات کو دور کرنا ہے۔

لوڈشیڈنگ میں ہمارا کوئی قصور نہیں، کے الیکٹرک

کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) مونس علوی نے کہا کہ اس وقت نیشنل گرڈ سے 730 میگاواٹ بجلی مل رہی ہے، اس سے زیادہ بجلی لی تو سسٹم میں خرابی ہو سکتی ہے، بجلی کی پیدوار کے لیے ہمارے پاس فرنس آئل اور گیس کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، ان دونوں چیزوں کی قلت کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہوا، لوڈشیڈنگ کی موجودہ صورتحال میں کے الیکٹرک کا کوئی قصور نہیں۔

بارش میں کرنٹ لگنے سے لوگوں کی ہلاکت کا ذمہ دار کون

ایم این اے آفتاب صدیقی نے ویڈیو لنک کے ذریعے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کےالیکٹرک کا ٹرانسمشن نیٹ ورک بہت خراب ہے، دو دن کی بارش سے 6 افراد کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوئے، کے الیکٹرک سے پوچھا جائے کہ اس کی ذمہ داری کیا ہے۔

کے الیکٹرک ہمیں ناکام کر رہی ہے، نیپرا

چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے سی ای او کے الیکٹرک سے کہا کہ آپ نے بجلی کی طلب کا اندازہ کیوں نہیں لگایا؟ آپ ذمہ داری لیں یا نہ لیں، آپ ہمیں فیل کر رہے ہیں، نجکاری کے باوجود کے الیکٹرک میں بہتری نہیں آ رہی، گیارہ مہینے سے آپ نے گرڈ اسٹیشنز کو اپ گریڈ نہیں کیا، آپ کو وفاق اضافی بجلی فراہم کر بھی دے تو آپ کی صلاحیت نہیں کہ وہ اٹھا سکیں۔

چیئرمین نیپرا نے کے الیکٹرک کو بجلی کی تقسیم اور پیداوار سمیت تمام تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اسکول، کالجز اور شادی ہال بند ہونے سے کراچی میں بجلی کی 300 سے 400 میگا واٹ طلب کم ہے، اگر اب یہ صورت حال ہے تو جب اسکول کالجز اور شادی ہال کھلیں گے تو پھر کیا ہوگا۔

کراچی کو اجارہ دار کمپنی کے سامنے ڈال دیا گیا

پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی نے ویڈیو لنک پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نیپرا بطور ریگولیٹر اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام ہوچکا ہے، اس نے کراچی کے شہریوں کو ایک اجارہ دار کمپنی کے سامنے چبانے کے لئے پیش کردیا ہے، کےالیکٹرک کو بتانا ہوگا کہ کتنے عرصہ میں لوڈشیڈنگ فری کر سکتے ہیں۔

سی ای او کے الیکٹرک سماعت چھوڑ کر چلے گئے

کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی سماعت چھوڑ کر چلے گئے جس پر چیئرمین نیپرا نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوگ اپنا وقت نکال کر عوامی مسئلے پر یہاں بیٹھے ہیں، سی ای او صاحب چلےگئے ہیں، ہم لوگ اتنے فارغ ہیں جو اس اہم معاملے پر سماعت کررہے ہیں۔ چیئرمین نیپرا کی برہمی پر مونس علوی واپس آگئے۔

مختلف ٹیرف ختم کرنے کا عندیہ

چیئرمین نیپرا نے کے الیکٹرک کے مختلف ٹیرف یکساں کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ جب تک لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہوتی پیک اور آف پیک ٹیرف ختم کر دیا جانا چاہیے، عوامی تاثر ہے کہ پیک ٹیرف میں لوڈشیڈنگ ہو رہی ہوتی ہے، جب تک حالات معمول پر نہیں آجاتے ٹیرف یکساں ہو جانا چاہیے۔

کے الیکٹرک کو سرکاری تحویل میں لینے کی تجاویز

چیئرمین نے کہا کہ نیپرا دیگر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی بھی نجکاری کرنا چاہتا ہے لیکن کے الیکٹرک کی کارکردگی دیکھیں تو ایسا کرنا ممکن ہوتا ہوا نظر نہیں آتا، الٹا کے الیکٹرک کی کارکردگی کی وجہ سے اسے قومیانے (نیشنلائیز) کی تجاویز آرہی ہیں۔

نیپرا نے کراچی لوڈشیڈنگ معاملے پر سماعت مکمل کرتے ہوئے کہا کہ تمام حقائق اور تجاویز کا جائزہ لے کر فیصلہ سنائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں