افغان ايئر فورس کا طيارہ تباہ امريکی پائلٹ نے چھلانگ لگا کر جان بچائی

طیارہ صوبے بغلان کے ضلع دوشی میں گرا جو طالبان کا گڑھ سمجھا جاتا ہے


ویب ڈیسک July 11, 2020
طیارہ زیر تربیت امریکی پائلٹ اُڑا رہا تھا، فوٹو : فائل

افغان ايئر فورس کا ایک طيارہ تربيتی پرواز کے دوران طالبان کے زیر تسلط علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا تاہم امریکی پائلٹ بروقت چھلانگ لگا کر طیارے سے باہر نکلنے میں کامیاب رہا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان فضائیہ کا طیارہ اے-29 سپر ٹوکانوٹو صوبے بغلان کے علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا، حادثے کے فوری بعد طیارے میں آگ بھڑک اُٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے طیارہ راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔ طیارہ ایک امریکی پائلٹ اُڑا رہا تھا جس نے طیارہ زمین پر گرنے سے قبل چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی۔

امريکی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ يہ طيارہ امريکی فضائيہ کا ايک زیر تربیت پائلٹ اڑا رہا تھا تاہم پائلٹ پیراشوٹ کی مدد سے بروقت طیارے سے چھلانگ لگا نے میں کامیاب رہا۔ حادثے کے بعد امریکی لڑاکا طیارے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچے اور پائلٹ کو بحفاظت اسپتال منتقل کیا۔

افغان حکام کا طیارہ حادثے میں دہشت گردی کے عنصر کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق طیارے کو حادثہ مکینیکل خرابی کے باعث پیش آیا تاہم حادثے کی تفتيش کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔ پائلٹ کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ظیارہ افغانستان کے شمال مشرقی صوبے بغلان کے ضلع دوشی کے قريب گرا، یہ علاقہ طالبان کا گڑھ سمجھا جاتا ہے تاہم طالبان کی جانب سے طیارے حادثے سے متعلق کوئی دعویٰ سامنے نہیں آیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔