شادی کا جھانسہ دیکر بس ہوسٹس کو زیادتی کا نشانہ بنانے والا ملزم گرفتار

ملزم نے خاتون سے 8 لاکھ روپے اور زیورات لے کر پلاٹ کے جعلی کاغذات بنوائے، پولیس حکام

پولیس نے زیادتی کے ملزم کو عدالت میں پیش کرکے تین روز کا ریمانڈ حاصل کرلیا۔ فوٹو، فائل

کئی ماہ تک بس ہوسٹس کومبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملزم معظم نے شادی کا جھانسہ دے کر بس ہوسٹس کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور خاتون کے حاملہ ہونے پر اسے چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا۔ راولپنڈی میں تھانہ پیرودہائی پولیس نے ملزم معظم کو عدالت میں پیش کرکے 3 روزہ کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔


پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم نے بس ہوسٹس کو پلاٹ دلوانے کا بھی جھانسہ دیا جس کے لیے خاتون سے 8 لاکھ روپے اور زیورات لے کر پلاٹ کے جعلی کاغذات بنائے۔ ملزم بھی شادی شدہ ہے جبکہ متاثرہ خاتون 2011 سے طلاق یافتہ اور 2 بچیوں کی ماں ہے۔

مقامی پولیس کے مطابق ملزم نے خاتون کو شادی کا جھانسہ دیا اور کئی مرتبہ اس سے تعلقات قائم کیے جب کہ بس ہوسٹس حاملہ ہوئی تو ملزم فرار ہوگیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف پہلے ہی زیادتی، فراڈ، دھمکانے سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر رکھا تھا۔
Load Next Story