توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کی طلبی کا اشتہار لندن فلیٹس پر لگانے کا فیصلہ

بیورو کے ایگزیکیٹیو بورڈ نے شہباز شریف، سرتاج عزیز، رانااقبال سمیت متعدد کیسز میں تحقیقات کی ہدایت کردی، اعلامیہ

نیب ذرائع کے مطابق پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکار اشہتار چسپاں کرنے ایون فیلڈ جائیں گے۔ فوٹو، فائل

قومی احتساب بیورو (نیب) نے توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کی طلبی کا اشتہار لندن میں ایون فیلڈ اپارٹمنٹس پر بھی لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے جب کہ چیئرمین نیب نے ایگزیٹیو بورڈ کے اجلاس میں سابق وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت مختلف معالات کی تحقیقات کرنے کی منظوری دی ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب نے اس سلسلے میں وزارت خارجہ سے رابطہ کرتے ہوئے انھیں اس بارے میں ہدایت کر دی ہے۔وزارت خارجہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر یورپ نے پاکستانی سفارت خانے سے رابطہ کر کے عدالتی احکامات پر عمدارآمد کرانے کی ہدایت کی ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکار آج ایون فیلڈ جائیں گے اور 16،16A اور 17,17A ایون فیلڈ میں اشتہار لگائیں گے۔


ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس

دوسری جانب اسلام آباد میں چئیر مین نیب جسٹس ر جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں نواز شریف اور دیگر کے خلاف تحقیقات کی منظوری دی گئی۔

نیب اعلامیے کے مطابق ایگزیکٹو بورڈنے شہباز شریف، سرتاج عزیز، رانا محمد اقبال، سابق رکن پنجاب اسمبلی مہر حامد رشید، سابق ایم پی اے شیخ اعجازاحمد کےخلاف بھی انکوائری کی منظوری دی۔

علاوہ ازیں سی ای او ای آر پی ایل ارشد وحید اور دیگر کیخلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی جب کہ شہباز شریف، احد چیمہ ، جاوید محمود اور دیگر کیخلاف انوسٹی گیشن عدم شواہد کی بنیاد پر قانون کے مطابق بند کرنے کی منظوری دی گئی۔
Load Next Story