شہری جہاں درخواست لے کر جائے گا مقدمہ وہیں درج ہوگا کراچی پولیس چیف

پورا کراچی ہمارا ہے، تھانوں کی حدود کی وجہ سے شہریوں کو ہرگز تنگ نہ کیا جائے، غلام نبی میمن

پورا کراچی ہمارا ہے، تھانوں کی حدود کی وجہ سے شہریوں کو ہرگز تنگ نہ کیا جائے، غلام نبی میمن (فوٹو : فائل)

کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ شہری جہاں درخواست لے کر جائے گا مقدمہ وہیں درج ہوگا۔

سندھ بوائز اسکاؤٹس آڈیٹوریم میں پولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ شہر میں تھانوں کی حدود کی وجہ سے فریادی کو پریشانی سے بچانے کے لیے شہری جہاں درخواست لے کر جائے گا مقدمہ وہیں درج ہوگا، پورا کراچی ہمارا ہے تھانوں کی حدود کی وجہ سے شہریوں کو ہرگز تنگ نہ کیا جائے۔


کراچی پولیس چیف نے کہا کہ پولیس پر حملوں کے حالیہ واقعات میں ملوث گروہ کی گرفتاری عمل میں لانے والے پولیس افسر یا ٹیم کو 10 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا، اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے پولیس کے گشت کو مزید بڑھایا اور نفری کی تعیناتی بہتر انداز میں کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ایس ایچ اوز جرم کی اطلاع ملتے ہی فوری مقدمے کے اندراج کو یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، ایس پی اور ڈی ایس پی انویسٹی گیشن مقدمات کی تفتیش کے مراحل کی خود نگرانی کریں تاکہ مقدمے میں موجود نقائص کا سدباب ہو سکے۔

غلام نبی میمن نے شہر میں خصوص طور پر ان مقامات پر جہاں تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے فوری طور پر ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں غیر قانونی مویشی منڈی کی سختی سے ممانعت ہے لہذا قانون کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
Load Next Story