بلدیاتی مسودے کا جائزہ لیے بغیرحمایت نہیں کرسکتے پیر پگارا

پیپلزپارٹی آرڈیننس کے بجائے سندھ اسمبلی سے قانون سازی کرائے، سربراہ فنکشنل

پیپلزپارٹی آرڈیننس کے بجائے سندھ اسمبلی سے قانون سازی کرائے، سربراہ فنکشنل۔ فوٹو: ایکسپریس

حروںکے روحانی پیشوا اور فنکشنل مسلم لیگ کے سربراہ پیر پگارا صبغت اللہ شاہ راشدی نے کہا ہے کہ ہم آنکھیں بند کرکے مجوزہ سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2012 ء کی حمایت نہیں کرسکتے کیونکہ یہ سندھ کے عوام کا معاملہ ہے۔


وہ بدھ کو اپنی رہائش گاہ کنگری ہاؤس پر مسلم لیگ (ف) کے رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ف) سندھ کے سیکریٹری جنرل امتیاز شیخ نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے ساتھ منعقدہ اجلاس اور مجوزہ آرڈیننس کے بارے میں انہیں بریفنگ دی ۔ امتیاز شیخ نے انہیں بتایا کہ مسودے کی کاپی اتحادی جماعتوں کو فراہم نہیں کی گئی ہے صرف مسودے کی چیدہ چیدہ شقوں کے بارے میں بتایا گیا ہے ۔

پیر پگارا نے کہا کہ پیپلز پارٹی یہ کہتی ہے کہ پارلیمنٹ سپریم کورٹ سے بھی زیادہ سپریم ہے تو وہ آرڈیننس کے ذریعے سندھ میں نیا بلدیاتی نظام کیوں نافذ کرنا چاہتی ہے، وہ سندہ اسمبلی کو کیوں بائی پاس کر رہی ہے، اسے چاہیے کہ وہ سندھ اسمبلی سے قانون سازی کرائے ۔ انھوں نے کہا کہ ہم مسودہ قانون کی ایک ایک شق کا جائزہ لیں گے ،آنکھیں بند کرکے آرڈیننس کی حمایت نہیں کرسکتے ، قانونی ماہرین سے صلاح و مشورے اور مسودے کے جائزے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔

Recommended Stories

Load Next Story