پاکستانی ڈاکٹرز کا دل میں چاقو گھسنے سے زخمی بچے کا کامیاب آپریشن

لڑکے کا دل پھٹ گیا تھا، ہم نے پوری مہارت سے سرجری کی اور بچے کی جان بچائی، ڈاکٹرز

لڑکے کا دل پھٹ گیا تھا، ہم نے پوری مہارت سے سرجری کی اور بچے کی جان بچائی، ڈاکٹرز

قومی ادارہ برائے امراض قلب میں طبی ماہرین نے دل میں چاقو گھسنے سے شدید زخمی ہونے والے 10 سالہ بچے کے دل کا پیچیدہ آپریشن کامیابی سے مکمل کرکے بچے کی جان بچالی۔

قومی ادارہ برائے امراضِ قلب میں ڈاکٹروں نے دس سالہ بچے کی جان بچانے کے لئے دل کی ایک پیچیدہ سرجری کامیابی سے مکمل کرلی، نواب شاہ کا رہائشی 10 سالہ بچہ ریحان دل میں چاقو گھسنے سے شدید زخمی ہوگیا تھا، سینے سے شدید خون بہنے کے باعث بچے کی حالت سنگین ہوگئی جسے تشویشناک حالت میں این آئی سی وی ڈی لایا گیا جہاں بچوں کے امراض قلب کے ماہر ڈاکٹر عبدالستار شیخ نے معائنہ کیا اور سفارش کی کہ ہنگامی بنیادوں پر سرجری کروائی جائے۔

بچے کو فوری آپریشن تھیٹر منتقل کیا گیا جہاں ایک پیچیدہ سرجری کامیابی کے ساتھ مکمل کی گئی جو ایک گھنٹہ جاری رہی، آپریشن میں این آئی سی وی ڈی کے پیڈیاٹرک کارڈیک سرجن سہیل بنگش، ڈاکٹر عبدالستار شیخ اور اینستھیزیالوجسٹس ڈاکٹر محمد امین خواجہ نے حصہ لیا۔


بچے کے والدین کا کہنا تھا کہ بچہ اپنے پھوپھی کے گھر کراچی جا رہا تھا، بچے آپس میں کھیل رہے تھے کہ اس دوران اتفاقی طور پر ایک بچے کے سینے میں چاقو گھس گیا، زخمی بچے کو کراچی کے مختلف سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں لے گئے مگر سب نے جواب دے دیا تھا۔

پھر بچے کو این آئی سی وی ڈی لے کر آئے، ڈاکٹرز نے فوری طور پر بچے کے دل کا پیچیدہ آپریشن کرکے اس کی جان بچالی۔

ڈاکٹر عبد الستار شیخ اور ڈاکٹر سہیل بنگش کا کہنا تھا کہ لڑکے کا دل پھٹ گیا تھا، ہم نے پوری مہارت سے سرجری کی اور بچے کی جان بچائی، ریحان اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہے، اس کی زندگی اب خطرے سے باہر ہے، اسے جلد آئی سی یو سے وارڈ میں شفٹ کیا جائیگا۔
Load Next Story