چیئرمین نیب کا کے الیکٹرک کیخلاف شکایات کا نوٹس انکوائری کا حکم

چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کی نیب کراچی کو کے الیکٹرک کے خلاف تین ماہ میں انکوائری مکمل کرنے کی ہدایت


Numainda Express July 16, 2020
چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کی نیب کراچی کو کے الیکٹرک کے خلاف تین ماہ میں انکوائری مکمل کرنے کی ہدایت

قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کے الیکٹرک کے خلاف عوامی شکایات اور میڈیا رپورٹس کا نوٹس لے لیا۔

چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کے الیکٹرک کے خلاف غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ، اربوں روپے کی اووربلنگ اور حکومت کے ساتھ کئے گئے معاہدے کی مکمل پاسداری نہ کرنے کے الزامات میں نیب کراچی کو انکوائری کرنے کا حکم دیا ہے۔

نیب کے مطابق حکومت سے معاہدے کے تحت کے الیکٹرک کو بجلی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے مطلوبہ سرمایہ کاری کرنا تھی جس پر عمل درآمد میں وہ ناکام ہے۔ چیئرمین جاوید اقبال نے نیب کراچی کو کے الیکٹرک سے معاہدہ کی کاپی، متعلقہ دستاویزات اور سرمایہ کاری کی تفصیلات حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جاوید اقبال نے کہا کہ نیب ایک قومی ادارہ ہے جو قانون کے مطابق ہمیشہ اپنے فرائض سر انجام دینے پر یقین رکھتا ہے، کے الیکٹرک کو عوام سے اووربلنگ کی مد میں مبینہ طو ر پر اربوں روپے کی رقوم ہتھیانے اور غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ اور معاہدہ کی پاسداری نہ کرنے کی اجازت نہیں دے گا، نیب بلاتفریق احتساب پر یقین رکھتا ہے۔

چیئرمین نیب نے نیب کراچی کو کے الیکٹرک کے خلاف تین ماہ میں انکوائری مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام الناس کو مبینہ طور پر لوٹنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جاسکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔