تیز رفتار ڈمپر اور بس نے 3 موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا ٹرین سے کٹ کر نوجوان جاں بحق

بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار بدرالدین ہلاک ہوا ،ہزارہ گوٹھ میںکرنٹ لگنے سے جبار جاں بحق،دیگر حادثات میں 2 افراد زخمی


Staff Reporter December 11, 2013
ماڑی پور میں ٹرک اڈا کے قریب سڑک عبور کرتے ہوئے تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر سلام اور گرومندر پر 28 سالہ حسن توصیف زخمی ہوگئے۔ فوٹو ایکسپریس نیوز/فائل

شہر بھر میں حادثات و واقعات میں 5 افراد ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے پر نیو سبزی منڈی کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر مار دی جس سے موٹر سائیکل سوار 2 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے ، حادثے کا ذمے دار ڈرائیور موقع سے ڈمپر سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ، سچل پولیس کے مطابق متوفین کی شناخت نذر حسین اور شفیق احمدکے نام سے کی گئی ، دونوں افراد گاڑیوں کی الیکٹرک وائرنگ کا کام کرتے تھے اور سپر ہائی وے پر واقع زرداری پٹرول پمپ سے نکلے تھے کہ حادثے کا شکار ہوگئے ، نذر حسین قریبی آبادی کا جبکہ شفیق احمد فرنٹیئر کالونی کا رہائشی تھا۔

یونیورسٹی روڈ پر عسکری پارک کے قریب تیز رفتار بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شخص ہلاک ہوگیا، پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت بدر الدین کے نام سے کی گئی جوکہ ملیر کا رہائشی تھا ، پولیس نے حادثے کے ذمے دار ڈرائیور کو گرفتار کرکے بس کو تحویل میں لے لیا ہے ، لانڈھی میں ٹرین کی پٹڑی عبور کرتے ہوئے عبدالغفور ہلاک ہوگیا ، لانڈھی ریلوے پولیس کے مطابق عبدالغفور مقامی فیکٹری میں سیکیورٹی گارڈ تھا ، گلستان جوہر حسین ہزارہ گوٹھ میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے جبار ہلاک ہوگیا،ماڑی پور میں ٹرک اڈا کے قریب سڑک عبور کرتے ہوئے تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر سلام اور گرومندر پر 28 سالہ حسن توصیف زخمی ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔