ترک سیکیورٹی فورس کا طیارہ پہاڑ سے ٹکرا گیا 7 اہلکار جاں بحق

پائلٹس اور اہلکاروں کا تعلق نیشنل پولیس سے تھا


ویب ڈیسک July 17, 2020
طیارے میں نیشنل پولیس کے دو پائلٹس اور 5 اہلکار موجود تھے، فوٹو : فائل

ترکی میں سیکیورٹی ادارے کا چھوٹا جیٹ طیارہ اہم مشن سے واپسی پر پہاڑ سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں موجود تمام اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

ترک میڈیا کے مطابق نیشنل پولیس کا جیٹ طیارہ مشرقی صوبے وان میں ایک اہم مشن سے واپسی پر پہاڑی علاقے میں ایک چوٹی سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا، طیارے میں آگ بھڑک اُٹھی۔ حادثے میں 2 پائلٹس سمیت 7 اہلکار لقمہ اجل بن گئے۔

وزیر داخلہ سلیمان سولو نے میڈیا کو بتایا کہ طیارے نے وان اور ہاکاری صوبوں کی نگرانی اور معائنے کے مشن سے واپسی پر وان فیرت ایئرپورٹ سے اُڑان بھری تھی لیکن کچھ ہی دیر بعد کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ سرچ آپریشن کے دوران ملبہ پہاڑی علاقے سے مل گیا۔

وزیر داخلہ نے مزید بتایا کہ چھوٹا جیٹ طیارہ زمین سے تقریباً 2 ہزار 200 فٹ کی بلندی پر پہاڑ سے ٹکرایا تھا، یہ 2015 کے ماڈل کا طیارہ تھا اور نیشنل پولیس کے زیر استعمال تھا۔ ہلاک ہونے والے پائلٹس اور اہلکار بھی نیشنل پولیس سے منسلک تھے۔ جاں بحق اہلکاروں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں