سری لنکن ٹائیگرز کو جکڑنے کیلیے جال بچھ گیا

آئی لینڈرز سے مختصر فارمیٹ کی ٹاپ ٹیم کا اعزاز چھیننے کی پوری کوشش ہوگی محمد حفیظ


Sports Desk December 11, 2013
دبئی : ٹوئنٹی 20 کرکٹ سیریز کے آغاز سے قبل پاکستانی کپتان محمد حفیظ اور سری لنکن قائد دینش چندیمل ٹرافی تھامے مسکرارہے ہیں، پہلا میچ آج ہوگا۔ فوٹو: فائل

سری لنکن ٹائیگرز کو جکڑنے کیلیے جال بچھ گیا، پاکستانی ٹیم بدھ کو دبئی میں پہلا ٹوئنٹی 20 جیت کر فتوحات کے تسلسل کو طول دینے کے لیے پُرعزم ہے۔

نوجوان کھلاڑی ٹیم میں جگہ عمدہ پرفارمنس سے مستحکم کرنے کے خواہاں نظر آتے ہیں، احمد شہزاد کے ساتھ شرجیل خان اننگز کا آغاز کریں گے، ذوالفقار بابر کو سعید اجمل کے لیے جگہ خالی کرنا پڑے گی،کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ آئی لینڈرز سے مختصر فارمیٹ کی ٹاپ ٹیم کا اعزاز چھیننے کی پوری کوشش کریں گے۔ دوسری جانب سری لنکن ٹیم بھی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے ہتھیاروں کی آزمائش میں مصروف ہے، پاکستان سے سیریز میں موزوں کمبی نیشنز کی تلاش بھی جاری رکھی جائے گی، کپتان دنیش چندیمل نے کہاکہ ہم اس فارمیٹ میں برتری کو برقرار رکھیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم نے چند نئے کھلاڑیوں کی آمد کے بعد جنوبی افریقہ اور پھر افغانستان پر فتح پائی، اب اس فارمیٹ کی ٹاپ ٹیم سری لنکا سے مقابلہ ہوگا جو صلاحیتوں میں گرین شرٹس کے ہم پلہ ہی ہے،کنڈیشنز بھی دونوں کے لیے یکساں ہیں۔

پاکستان مارچ میں شیڈول ورلڈ ٹوئنٹی 20 سے قبل اپنی ٹیم کو مستحکم کرنا چاہتا ہے، نئے کھلاڑیوں کے لیے ٹیم میں جگہ پکی کرنے کیلیے بھی یہ سیریز کافی اہم ہوگی، سعید اجمل کو افغانستان سے میچ میں آرام دیا گیا تھا، اب ان کی واپسی کے لیے ذوالفقار بابر کو جگہ خالی کرنا پڑے گی، ناصر جمشید کے ڈراپ ہونے پر اب احمد شہزاد کے ساتھ شرجیل خان اوپننگ کریں گے، پاکستان نے اسکواڈ میں نئے کھلاڑی عثمان شنواری کو بھی شامل کیا ہے، کپتان محمد حفیظ نے کہاکہ سری لنکا ایک مضبوط ٹیم اور اس فارمیٹ میں ٹاپ پر ہے، اس کے خلاف مقابلے کی اپنی ایک اہمیت ہوگی، ہم دونوں میچز میں فتح حاصل کرکے رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے کی پوری کوشش کریں گے، انھوںنے کہا کہ افغانستان کے خلاف میچ میں ٹیم بہتر بیٹنگ نہیں کرپائی اس بار زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

دوسری جانب سری لنکا بھی مختلف تجربات میں مصروف ہے، اسے میگا ایونٹ کیلیے ایک اسپن بولنگ آل رائونڈر کی تلاش ہے، کپتان دنیش چندیمل اس سلسلے میں رامیتھ رامبوک ویلا کو اہم قرار دیتے ہیں جنھوں نے ڈیبیو پر آف بریک کا بہتر مظاہرہ کیا مگر فیلڈنگ میں تھوڑے کمزور ہیں، ان کا الیون میں جگہ کے لیے بڑا مقابلہ لیگ اسپنر سیکوگے پرسنا سے ہو گا جنھوں نے حال ہی میں لسٹ اے میچ میں 32 بالز پر 84 رنز ناٹ آئوٹ جڑ کر اپنی بیٹنگ صلاحیتوں کا بھی ثبوت دیا۔ سری لنکا کے فاسٹ بولر لسیتھ مالنگا نے رواں برس 6 ٹوئنٹی 20 میچز میں 40.50 کی اوسط سے وکٹیں لیں جو ان کی سال میں سب سے خراب ایوریج ہے، یہ بات بھی کافی دلچسپ ہے کہ پاکستان دبئی اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم میں گذشتہ 6 ٹی 20 میچز میں سے صرف ایک میں ہی کامیابی حاصل کرپایا۔سیریز کا دوسرا ٹوئنٹی20 انٹرنیشنل دبئی میں ہی جمعے کو کھیلا جائے گا، دونوں ٹیمیں اس کے بعد 5 ون ڈے انٹرنیشنل اور 3 ٹیسٹ میں مدمقابل ہوں گی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |