ٹی ٹی پی کمانڈر نور ولی محسود پر اقوام متحدہ کی پابندیاں عائد پاکستان کا خیر مقدم

پاکستان یو این کی پابندیوں اور قراردادوں پر من و عن عمل کر رہا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان دہشت گردی اور سہولت کاروں کے خلاف جنگ لڑتا رہے گا، ترجمان دفتر خارجہ۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈر نور ولی محسود پر اقوام متحدہ کی جانب سے پابندیاں عائد کرنے کا خیرمقدم کیا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے نور ولی محسود کا نام یو این پابندیوں کی فہرست میں شامل کرنے کو خوش آئند اقدام قراردیا، ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی پابندیوں اور قراردادوں پر من و عن عمل کر رہا ہے، امید رکھتے ہیں کہ دنیا کے باقی ممالک بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کریں گے، ٹی ٹی پی کو پہلے ہی اقوام متحدہ کالعدم تنظیم قرار دے چکی ہے، ترجمان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹی پی پاکستان میں متعدد دہشتگرد حملوں کی ذمہ دار ہے۔

پاکستان نے ٹی ٹی پی کو جامع سیکیورٹی حکمت عملی کے باعث شکست فاش دی، کالعدم ٹی ٹی پی پاکستان سے باہر رہہ کر تیسرے ملک کے سہولت کاروں کی مدد سے دہشتگردی میں ملوث ہے، پاکستان دہشتگردی،مالی معاونت ،منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کے خلاف جنگ لڑتا رہے گا۔


ادھر امریکا نے بھی اقوام متحدہ کی جانب سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ نور ولی محسود کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کا خیر مقدم کیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے بیوروآف ساؤتھ اینڈ سینڑل ایشیئن افیئرز نے ایک بیان میں کہا کہ یہ خوش آئند ہے کہ اقوام متحدہ نے تحریک طالبان پاکستان کے لیڈر نور ولی محسود کو اپنے آئی ایس آئی ایل اور القاعدہ کے حوالے سے پابندیوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔

اقوام متحدہ نے جمعرات کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے رہنما نور ولی محسود کو القاعدہ کے حلیفوں کی جانب سے دہشت گردانہ کارروائیوں کی مالی معاونت، منصوبہ بندی اور مدد کرنے پر 'عالمی دہشت گرد' قرار دے دیا ہے۔

 
Load Next Story