پریکٹس میچ میں بیٹسمینوں کے دل اپنے ہی پیسرز نے ہلا دیے

وائٹ ٹیم کاکوئی کھلاڑی ففٹی نہ بناسکا،رضوان 41 پر ناٹ آؤٹ رہے،شان مسعود 42، امام الحق41 رنزکے ساتھ


Sports Reporter July 18, 2020
فواد عالم24،حیدر علی21رنز بناسکے،بابر اعظم 12رنزتک محدود،ٹیم نے 8 وکٹ پر231کا مجموعہ حاصل کیا۔ فوٹو : ایکسپریس

پریکٹس میچ میں پاکستانی بیٹسمینوں کے دل اپنے ہی پیسرز نے دہلا دیے، چار روزہ انٹر اسکواڈ مقابلے کے پہلے دن وائٹ ٹیم کا کوئی بیٹسمین بھی نصف سنچری مکمل نہ کر پایا۔

کورونا خطرات کو پس پشت ڈالتے ہوئے انگلینڈ میں قدم رکھنے والے پاکستانی کرکٹرز کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں، ووسٹر میں 14روز قرنطینہ اور ٹریننگ کے بعد ڈربی پہنچنے والے کھلاڑیوں کا پہلا 4 روزہ انٹر اسکواڈ میچ جمعے کو شروع ہوا، ووسٹر میں منعقدہ 2 پریکٹس میچز میں ایک ٹیم کی قیادت کرنے والے سرفراز احمد کو اس بار صرف بطور وکٹ کیپر بیٹسمین شامل کیا گیا۔

ٹیم گرین میں اظہر علی (کپتان)، عابد علی، فخر زمان، اسد شفیق، افتخار احمد، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، فہیم اشرف، یاسر شاہ، نسیم شاہ، محمد عباس، وہاب ریاض اور عمران خان کو رکھا گیا۔

ٹیم وائٹ میں بابر اعظم (کپتان)، شان مسعود، امام الحق، فواد عالم، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، سہیل خان، محمد موسیٰ، عثمان خان شنواری، حیدر علی اورکاشف بھٹی کو جگہ ملی۔

وائٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لنچ تک اوپنرز شان مسعود اور امام الحق سست روی سے لیکن جم کر کھیلے اور 29 اوورز میں 86 رنز بنائے، وقفہ ختم ہونے کے بعد شان مسعود مزید ایک رن کا اضافہ کرکے 42 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے،محمد عباس نے انھیں اسد شفیق کا کیچ بنوایا،ٹیم کو پہلا نقصان 92 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا، امام الحق (41) کو نسیم شاہ نے ایل بی ڈبلیو کیا، مستقبل کی امید سمجھے جانے والے حیدر علی اننگز کو زیادہ طول نہیں دے سکے۔

نسیم شاہ نے اسد شفیق کی معاونت حاصل کرتے ہوئے انھیں 21 پر پویلین بھیج دیا، کپتان بابر اعظم صرف 12 رنز تک محدود رہے، ان کی وکٹ حاصل کرنے کے لیے محمد عباس نے افتخار احمد کا سہارا لیا، چائے کے وقفے پر وائٹ ٹیم کا اسکور 55اوورز میں 4 وکٹ پر 142تھا،آخری سیشن میں فواد عالم صرف 24 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند افتخار احمد کے ہاتھوں میں پہنچاکر رخصت ہوگئے۔

شاداب خان 16 رنز بنا کر نسیم شاہ اور عابد علی کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئے، سہیل خان 8 رنز بنا پائے تھے کہ یاسر شاہ نے ایل بی ڈبلیو کر دیا، شاہین شاہ آفریدی کھاتہ کھولنے سے قبل ہی محمد عباس کی گیند پر فخر زمان کو کیچ دیتے ہوئے چلتے بنے، محمد رضوان 41 اور کاشف بھٹی 11 پر ناٹ آؤٹ رہے۔

وائٹ ٹیم نے8 وکٹ پر231 رنز جوڑے، محمد عباس اور نسیم شاہ نے3،3 وکٹیں لیں، یاسر شاہ نے 2 شکار کیے، کم بیک کے خواہاں وہاب ریاض کے ساتھ فہیم اشرف بھی کوئی وکٹ نہ حاصل کر پائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں