عمران خان نے دہری شہریت کے معاملے پر بھی یوٹرن لیا ترجمان سندھ حکومت

عمران خان دہری شہریت والوں کو وفاقی کابینہ میں شامل کرکےجرم کےمرتکب ہوئے ہیں، مرتضٰی وہاب


ویب ڈیسک July 19, 2020
عمران خان دہری شہریت والوں کو وفاقی کابینہ میں شامل کرکےجرم کےمرتکب ہوئے ہیں، مرتضٰی وہاب (فوٹو: فائل)

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹرمرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ عمران خان دہری شہریت والوں کو کابینہ میں شامل کرکے جرم کےمرتکب ہوئے۔

وفاقی کابینہ میں دوہری شہریت کے ارکان کے معاملے پر ترجمان سندھ حکومت بیرسٹرمرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ قومی نوعیت کےحساس فیصلوں میں غیر ملکی شہریت کےحامل افراد کی موجودگی سنگین معاملہ ہے جس کا نوٹس لیا جانا چاہئے، وفاقی کابینہ میں دہری شہریت کےحامل افراد کی موجودگی سیکورٹی رسک ہے، نجانے سلیکٹیڈ حکومت کی ایسی کون سی مجبوری تھی جو ایسے نااہل اور دہری شہریت کے حامل افراد کو کابینہ کا حصہ بنایا۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان دہری شہریت کے حامل افراد کو کابینہ میں شمولیت اور نہ ہی پارلیمان کا رکن بننے کی اجازت دیتا ہے، لیکن عمران خان نے آئین پاکستان کو بالائے طاق رکھ کر اپنی کچن کابینہ میں غیر ملکی شہریت رکھنے والے افراد کو شامل کیا، وزیراعظم نے ہر ایشو کی طرح اس معاملے پر بھی یوٹرن لیا اور بیرون ملک سے کنسلٹنٹس کو درآمد کرکے انہیں کابینہ میں شامل کیا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ عمران خان خود کہا کرتے تھے کہ دہری شہریت کا مطلب حلف وفاداری اسی ملک کےساتھ ہے جس کی فرد شہریت رکھتا ہے، لیکن عمران خان اپنے دور اقتدار میں سب کچھ بھول گئے جو انہوں نے اپوزیشن میں رہتے ہوئے اعلانات اور دعوے کئے تھے، وہ دہری شہریت والوں کو وفاقی کابینہ میں شامل کرکےجرم کےمرتکب ہوئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں