سندھ میں 10 سال تک کی عمر کے 3932 بچے کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں مرتضٰی وہاب

صوبے میں 12 سے 17 سال کی عمر کے ایک ہزار سے زائد بچے کورونا کا شکار ہوئے، مرتضیٰ وہاب

صوبے میں 50 سال سے زائد عمر کے 22 ہزار 554 مرد و خواتین کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں، ترجمان سندھ حکومت (فوٹو:فائل)

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ صوبے میں دس سال تک کی عمر کے 3 ہزار 932 بچے کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کے وار بچوں پر بھی جاری ہیں، اور صوبے میں اب تک 10 سال تک کی عمر کے 3 ہزار 932 بچے اس عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں، تاہم اللہ کی مہربانی سے ان کی اکثریت صحتیاب ہوچکی ہے، جب کہ وباء کے باعث 8 بچے جاں بحق ہوچکے ہیں۔


بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے بتایا سندھ میں 12 سے 17 سال کی عمر کے ایک ہزار سے زائد بچے کورونا کا شکار ہوئے، جب کہ 50 سال سے زائد عمر کے 22 ہزار 554 مرد و خواتین کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت نے شہریوں کے ساتھ ایک مثبت خبر بھی شیئر کی اور کہا کہ کورونا انفیکشن کی شرح کم ہونا شروع ہوئی ہے، تاہم اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ ہم احتیاط نہ کریں، حفاظتی تدابیر کےساتھ کوشش کرنی ہےکہ عید قرباں پر کورونا کیسز میں اضافہ نہ ہو، شہری کورونا کے تدارک کے لیے ہدایات پر سختی سےعمل کریں، ماسک کا استعمال ضرور کریں اور غیر ضروری طور پر گھر سے نکلنے سے گریز کریں۔
Load Next Story