حلیمہ کی جگہ انجلینا جولی کو پی ایس ایل کا ایمبیسیڈر بنائیں یاسر حسین

ترک اداکارہ نے موبائل کمپنی کی برانڈ ایمبیسیڈر بن کر جو پیسے کمائے ان پیسوں پر ہماری اداکاراؤں کا حق ہے، یاسر حسین


ویب ڈیسک July 20, 2020
یاسر حسین کی جانب سے ترک ڈرامے اور ترک فنکاروں پر کی جانے والی تنقید نے سوشل میڈیا پر بھی ایک طوفان کھڑا کردیا ہے فوٹوانٹرنیٹ

اداکار یاسر حسین نے پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کی برانڈ ایمبیسیڈر ترک اداکارہ اسریٰ بلجک کی جگہ ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی کو بنانے کی تجویز دے دی۔

یاسر حسین کا شمار پاکستان شوبز انڈسٹری کے ان فنکاروں میں ہوتا ہے جو ابتدا ہی سے ترک ڈراما ''ارطغرل غازی'' کو پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل پر نشر کرنے کے مخالف ہیں۔

چند روز قبل جب معروف پاکستانی موبائل کمپنی نے ترک اداکارہ اسریٰ بلجک (حلیمہ سلطان) کو اپنا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا تھا تو یاسر حسین نے پاکستانی فنکاراؤں کی جگہ ایک غیر ملکی اداکارہ کو ایمبیسیڈر بنانے پر شدید تنقید کی تھی۔ اور اب انہوں نے اسریٰ بلجک کو پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی کی برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کرنے کی بھی مخالفت کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یاسر حسین حلیمہ سلطان کو برانڈ ایمبسیڈر بنانے پر پھٹ پڑے

یاسر حسین کی جانب سے ترک ڈرامے اور ترک فنکاروں پر کی جانے والی تنقید نے سوشل میڈیا پر بھی ایک طوفان کھڑا کردیا ہے۔ اس حوالے سے وی جے انوشے اشرف نے یاسر حسین سے حال ہی میں انسٹاگرام پر بات کی اور ان سے ترک ڈرامے اور ترک فنکاروں کی مخالفت کرنےکی وجہ پوچھی تو یاسرحسین نے کہا موبائل کمپنی کی برانڈ ایمبیسیڈر بن کر ترک اداکارہ نے جو پیسے کمائے دراصل ان پیسوں پر ہماری اداکاراؤں کا حق ہے۔

یاسر حسین نے کہا ترک اداکارہ پاکستان آئے، یہاں ایک سال کام کرے، محنت کرے جس طرح ہماری اداکارائیں کرتی ہیں اس کے بعد انہیں پاکستانی برانڈ کا ایمبیسیڈر مقرر کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: ارطغرل ڈراما دو اقساط دیکھنے کے بعد چھوڑ دیا تھا، سید نور

انٹرویو کے دوران یاسر حسین نے مزید کہا اگر ترک اداکارہ پاکستان آکر کام کرتی ہیں تو میں ان کے سیٹ پر جاکر انہیں کھانا بھی کھلاؤں گا اور ان کے ساتھ تصویر بھی کھنچواؤں گا۔ لیکن میں پاکستانی کرکٹ لیگ پی ایس ایل کے برانڈ ایمبیسیڈر میں اپنے لوگوں کو دیکھنا چاہتا ہوں۔ انوشے اشرف نے یاسر حسین کی اس بات پر کہا کہ پی ایس ایل میں انٹرنیشنل کھلاڑی بھی تو کھیلتے ہیں تو اس کی برانڈ ایمبیسیڈر ایک انٹرنیشنل فنکارہ کیوں نہیں ہوسکتی؟

جس پر یاسر حسین نے کہا کہ وہ گیم ہی انٹرنیشنل کرکٹرز کی ہے جب وہ لوگ یہاں آتے ہیں تو ہمارے کھلاڑیوں کو سیکھاتے ہیں ہمیں اس سے فائدہ ہوتا ہے۔ لیکن حلیمہ کو اسٹار ہی ہم نے بنایا ہے لہذٰا حلیمہ سلطان کو پی ایس ایل کا برانڈ ایمبیسیڈر بناکر ہمیں بین الاقوامی طور پر کیا فائدہ ہورہا ہے۔ حلیمہ کی جگہ انجلینا جولی کو لائیں اور اس کے بعد ہماری کرکٹ امریکا میں دیکھی جائے تو ہمیں فائدہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آپ ارطغرل غازی کو پی ایس ایل کا حصہ بناکر مسلمانوں کے دل جیت لیں گے

یاسر حسین کے اس انٹرویو پر لوگوں نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اسریٰ بلجک کو اسٹار نہیں بنایا وہ پہلے ہی ایک بہت بڑی اسٹار ہے اس کا ڈرامہ 160 ملکوں میں دکھائے جانے کے بعد پاکستان میں دکھایا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی کے بانی جاوید آفریدی نے پاکستان میں ترک ڈرامے کی مقبولیت کے پیش نظر ڈرامے کی ہیروئن اسریٰ بلجک کو پشاورزلمی کا برانڈ ایمبیسیڈر بنانے کا عندیہ دیا تھا۔

[instagram-post url="https://www.instagram.com/p/CCxxT05F_-D/"]

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں