ٹارگٹڈ آپریشن کے باجود شہر میں بھتہ خوری اور کریکر حملے جاری

ایک ہفتے میں پاپوش نگر، پیرآباد اور مچھرکالونی میں ہراساں کرنے کیلیے کریکرحملے کیے گئے

بھتہ خوروں کوکسی کاخوف نہیں،پولیس اور رینجرز آپریشن میں کامیابی کادعویٰ کررہے ہیں۔ فوٹو : محمد نعمان / ایکسپریس/فائل

پولیس اور رینجرز کی جانب سے شہر بھر میں ٹارگٹڈ آپریشن،محاصرے اور چھاپہ مار کارروائیوں کے باوجودبھتہ خوروں کی جانب سے کریکراور بال بم پھینکنے کاسلسلہ جاری ہے جس سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ انھیں نہ تو پولیس کاکوئی ڈرہے اورنہ ہی رینجرزسے کوئی خوف، وہ جب اورجہاں چاہیں کسی کو بھی بھتے کی پرچی اورنہ دینے پر اسے خوفزدہ کرنے کے لیے کریکر اور بال بم پھینک کر فرارہوجاتے ہیں۔


ایک ہفتے کے دوران بھتہ خوروں کی جانب سے پاپوشنگرخلافت چوک کے قریب 2 کار شو رومزاور رینٹ اے کار کے دفترپر بال بم سے حملے کیے گئے تاہم ان حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔بھتہ خوروں کی جانب سے پیر آباد کے علاقے میں بھی ایک دکان پر بال بم پھینکا گیاجس کے پھٹنے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔مچھر کالونی میں بھی بھتہ خوروں کی جانب سے مچھلی کے تاجر کوخوفزدہ کرنے کے لیے اس کے گھر پر کریکر حملہ کیاگیا۔رینجرزاورپولیس کی جانب سے بھتہ خوروں کی گرفتاری کے حوالے سے بڑے بڑے دعوے تو ضرور کیے جاتے رہے تاہم ان دعوئوں میں کس حدتک حقیقت ہے اس کااندازہ چندروز میں بھتہ خوروں کی جانب سے کیے جانے والے حملوں سے بخوبی لگایاجاسکتاہے یہ حملے پولیس اوررینجرز کی کارکردگی پرسوالیہ نشان ہیں۔
Load Next Story