کوسٹ گارڈ نے 11 کروڑ روپے کی منشیات پکڑلی 4 ملزمان گرفتار

پکڑی گئی منشیات، چھالیہ اور گاڑیوں کی مالیت تقریباً 11 کروڑ روپے سے زائد ہے، ترجمان کوسٹ گارڈ


Staff Reporter July 21, 2020
پکڑی گئی منشیات، چھالیہ اور گاڑیوں کی مالیت تقریباً 11 کروڑ روپے سے زائد ہے، ترجمان کوسٹ گارڈ (فوٹو: فائل)

کوسٹ گارڈز نے اسمگلنگ کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران 11 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات اور ممنوعہ اشیا قبضے میں کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان کے مطابق کوسٹ گارڈز کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ سپر ہائی وے (کراچی)، وندر اور گوادر (بلوچستان) سے بھاری مقدار میں شراب، چرس، چھالیہ، ایرانی تیل اور متفرق اشیاء اسمگل ہونے کا خدشہ ہے۔ اطلاع ملنے پر کوسٹ گارڈز کے علاقہ کمانڈر نے جوانوں کے ہمراہ موبائل گشت پارٹیاں ترتیب دیں اور مشکوک مقاما ت کی نگرانی شروع کردی اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مختلف جگہوں پر مختلف کارروائیاں کی گئیں۔

ترجمان کے مطابق ناکہ کھاری چیک پوسٹ پر ایک مسافر کوچ میں مسافر سے 5.7 کلوگرام چرس برآمد کرکے گرفتار کرلیا گیا۔ اسی طرح ایک اور کارروائی کے دوران مسافر کوچ میں سوار مسافر سے 4 کلو گرام چرس برآمد کرکے گرفتار کرلیا گیا۔



دوسری جانب ناکہ کھاری چیک پوسٹ سے 08 عدد مختلف گاڑیوں کی تلاشی کے دوران 23,761 کلو گرام چھالیہ اور 1,845 پیکٹ انڈین گٹکا برآمد کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کرلیا گیا، وندر شہر کے قریب مختلف جگہوں پر غیر قانونی طور پر چھپایا گیا، 56,850 لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کرلیا گیا۔



گوادر(بلوچستان) میں پلیری چیک پوسٹ پر نان کسٹم پیڈ کار کی تلاشی کے دوران 48 بوتلیں شراب کی برآمد کر تے ہوئے اسمگلر کو گرفتار کرلیا گیا۔ ایک اور کارروائی کے دوران پاک ایران بارڈر پر دوران گشت 5 عدد ٹرکوں سے 77 ہزار 500 ایرانی پٹرول برآمد کرتے ہوئے 7 افراد کی گرفتاری عمل میں آئی۔



گوادر کے قریب پاک ایران بارڈر سے 15 تارکین وطن کو گرفتار کیا گیا جوکہ تمام پاکستانی شہری ہیں اور غیر قانونی طور پر پاکستان سے بیرون ملک جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ اسی طرح چوہڑ جمالی (کراچی) سے دوران چیکنگ ٹرک سے بھوسے کے نیچے چھپائی گئی 5 ہزار 936 کلو گرام چھالیہ برآمد کر تے ہو ئے 2 افراد کو گرفتار کیا گیا۔



ترجمان کوسٹ گارڈ کے مطابق اسمگل کی جانے والی تمام منشیات، چھالیہ، 15 عدد گاڑیاں، 16 اسمگلرز اور 15 تارکین وطن کو پاکستان کوسٹ گارڈز نے اپنی تحویل میں لے لیا اور اسمگلرز کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ 15 تارکین وطن کو ابتدائی تفتیش کے بعد ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا۔ پکڑی گئی منشیات، چھالیہ اور گاڑیوں کی مالیت تقریباً 11 کروڑ 10 لاکھ 62 ہزار روپے کے لگ بھگ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں