دوران آئسولیشن سندھ حکومت یومیہ اجرت والوں کی مالی مدد کرے گی

سندھ کورونا ایمرجنسی ریلیف ایکٹ میں ترمیم کا فیصلہ، آج کابینہ میں پیش کیا جائے گا


وکیل راؤ July 22, 2020
سندھ کورونا ایمرجنسی ریلیف ایکٹ میں ترمیم کا فیصلہ، آج کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

QUETTA: سندھ حکومت نے عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کیلیے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے سندھ کورونا ایمرجنسی ریلیف ایکٹ میں ترمیم کا فیصلہ کیا ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے ترمیمی مسودہ تیار کر لیا گیا جس کی آج صوبائی کابینہ سے منظوری لی جائیگی، مجوزہ مسودے کے مطابق یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد کے کورونا مثبت آنے کی صورت سندھ حکومت آئسولیشن کے عرصے کے دوران اسکی مالی معاونت کرے گی جبکہ کسی بھی ملازم کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے کی صورت آئسولیشن کی مدت میں تنخواہ منہا کرنا جرم ہوگا اور نجی ادارے کورونا کا شکار ملازمین کی آئسولیشن کے عرصے کے دوران پوری تنخواہ ادا کرنے کے پابند ہونگے پبلک مقامات پر ماسک کا استعمال لازم ہوگا۔

مسودہ کے تحت سندھ حکومت کے مراکز صحت میں کورونا ٹیسٹ مفت ہوگا سندھ حکومت نے کورونا وائرس سے متاثر شہریوں کے لیے بھی قانون میں ترامیم کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت یومیہ اجرت پر کام کرنے والا کوئی بھی فرد جو کورونا وائرس کی وبا کا شکار ہو جائے اسکے آئسولیشن کے عرصے کے دوران مالی مدد سندھ حکومت کی ذمہ داری ہوگی۔

یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد جتنا عرصہ آئسولیشن میں رہیں گے انکی اعانت سندھ حکومت کرے گی جبکہ سندھ بھر میں کسی بھی جگہ ملازمت کرنے والے مرد وخواتین اگر کورونا کا شکار ہوجائیں تو ان کی آئسولیشن کے عرصے کے دوران کام سے رخصت کو ڈیوٹی تصور کیا جائے گا۔

مجوزہ ترمیمی مسودہ قانون کے تحت سندھ میں کورونا ٹیسٹ کرانے کے لیے شہریوں کو قائل کیا جائیگا ،سندھ کورونا ایمرجنسی ریلیف ایکٹ میں ترامیم کا مسودہ آج بدھ کو سندھ کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا ۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں