حکومت کا یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو کمی کا فیصلہ

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کونسل کے اجلاس میں چینی کی قیمت میں کمی کا فیصلہ کیا گیا


ویب ڈیسک December 11, 2013
یوٹیلٹی اسٹورز پراب چینی 53 روپے کے بجائے 48 روپے فی کلو میں فروخت ہوگی فوٹو: فائل

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں یوٹیلٹی اسٹورز پر 5 روپے فی کلو سستی کرنے کی منظوری دی گئی جس کے بعد یوٹیلٹی اسٹورز پر فی کلو چینی 53 روپے کے بجائے 48 روپے میں فروخت ہوگی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی معیشت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس میں بہتری کے لئے مزید اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا کہ ملکی معیشت سے متعلق ہم نے مشکل فیصلے کیے لیکن ان کے نتائج اچھے نکلے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ حکومت میں جی ڈی پی کی شرح 3 فیصد تھی جو اب 5 فیصد تک ہوگئی ہے، گردشی قرضوں کی ادائیگی سے بجی کا مسئلہ کافی حد تک حل ہوا ہے اور آئندہ اس میں مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں ریونیو میں 17 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ایف بی آر نے 792 ارب روپے ٹیکس وصول کیا، موجودہ حکومت زراعت کے شعبے پر مزید توجہ دے گی اور بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لئے جامشورو میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ لگایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت خزانہ ترقیاتی منصوبوں کے لئے اب تک 143 ارب روپے جاری کرچکی ہے جبکہ پہلے 5 ماہ میں بجٹ خسارے کو بھی 2.9 فیصد تک کم کیا چکا ہے جو گزشتہ سال اسی مدت میں 2.2 فیصد تھا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ حکومت کی کارکردگی اہداف کے حاصل ہونے سے بھی بہتر ہوئی ہے اور حکومت اپنے اگلے اہداف حاصل کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کے اعداد وشمار سے آگاہ رہنا عوام کا حق ہے اور آئندہ بھی عوام کو اس حوالے سے آگاہ رکھا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں