کراچی میں بادلوں کے ڈیرے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک July 25, 2020
ہفتے کے روز شہر کا مطلع کبھی مکمل تو کبھی جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے، محکمہ موسمیات فوٹو: فائل

شہر قائد اور گرد و نواح میں بادلوں کے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جب کہ مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم مزید خوشگوار ہوگیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی اور گرد و نواح کے علاقے مون سون بارشوں کے تیسرے اسپیل کے زیر اثر ہیں، مختلف علاقوں میں ہونے والی ہلکی بارش نے موسم خوشگوار کردیا ہے۔

کورونا وبا کے باعث ہفتہ وار لاک ڈاؤن کے باعث شہر کے تمام کاروباری مراکز اور مارکیٹیں بند ہیں جس کی وجہ سے کراچی کے عوام کی بڑی تعداد ہفتے کا دن بھی چھٹی کی طرح منارہی ہے، لوگوں نے مویشی منڈیوں کا رخ کرلیا ہے تاکہ بارش کے موسم میں سستے داموں قربانی کے جانوروں کی خریداری کی جاسکے۔

ایک جانب جہاں کراچی والے سہانے موسم کا مزا اٹھا رہے ہیں وہیں بارش کی پہلی بوند کے ساتھ ہی مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند کردی گئی ہے۔

دوسری جانب بوندا باندی کے باعث شہر کے کئی مقامات پر موٹر سائیکلیں پھسلنے کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں جس کے باعث متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا مطلع کبھی مکمل تو کبھی جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں