تحفظ بنیاد اسلام بل سے تمام مسالک کے درمیان اتحاد مضبوط ہوگا پرویزالٰہی

چودھری پرویزالٰہی کی تحفظ بنیاد اسلام بل پر علمائے کرام سے مشاورت

ہم اہل بیت اطہار اور تمام صحابہ کے غلام ہیں، اسپیکر پنجاب اسمبلی

چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ تحفظ بنیاد اسلام بل سے تمام مسالک کے درمیان اتحاد مضبوط ہوگا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے علامہ ساجد نقوی، مفتی منیب الرحمن، مفتی راغب نعیمی، پیر امین الحسنات شاہ، سید سبطین حیدر سبزواری، سید صفدر شاہ، سابق ایم پی اے سید تقلید رضا شاہ آف تلہ گنگ، علامہ گلفام ہاشمی سے تحفظ بنیاد اسلام بل کے متعلق ٹیلیفون پر مشاورت کی۔


پرویزالٰہی نے اپنے بیان میں کہا کہ تحفظ بنیاد اسلام بل سے تمام مسالک کے درمیان اتحاد و پیار مزید مضبوط ہوگا، ہمارے یا ہماری نسلوں کے ہوتے ہوئے خاتم النبیین حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، تمام خلفائے راشدین، امہات المومنین، اہل بیت اطہار اور اصحاب رسول رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کی شان میں گستاخی نہیں ہو سکتی۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہم اہل بیت اطہار اور تمام صحابہ کے غلام ہیں، اہل بیت سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور ان کے ناموس پر ہمارا سب کچھ قربان ہے، مجھ سمیت تمام اسمبلی نے پاکستان کی تاریخ میں سب سے پہلے متفقہ طور پر وہ کتب ضبط کرنے کا حکم دیا جس میں حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم سمیت اہل بیت اطہار کی شان میں گستاخی کی گئی تھی، یہ ہمارے اہل بیت اطہار سے عشق کا عملی ثبوت ہے۔

پرویزالٰہی نے کہا کہ تحفظ بنیاد اسلام بل کے تحت تمام کتب میں خاتم النبین حضرت سیدنا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم لازمی لکھا جائے گا، تمام حضراتِ اہل بیت اطہار، تمام ازواج مطہرات (امہات المومنین) تمام صاحبزادیوں، صاحبزادوں، تمام نواسوں اور نواسیوں کیلئے علیہ السلام یا سلام اللہ علیھا یا رضی اللہ عنہ یا رضی اللہ عنہا لازمی لکھا جائے گا۔
Load Next Story