الیاس کشمیری کی چھٹی برسی آج منائی جائے گی

5 دہائیوں پرمحیط فلمی سفر میں لیلیٰ مجنوں،وعدہ اورانجام سمیت کئی فلمون میں لازوال کردار اداکیے


Cultural Reporter December 12, 2013
مرحوم 83برس کی عمر میں شوگر کا شدید مرض لاحق ہوا جس پر ڈاکٹروں کوان کا ایک پائوں بھی کاٹنا پڑا. فوٹو: فائل

پاکستان فلم انڈسٹری کے سنیئر اداکار الیاس کشمیری کی چھٹی برسی آج منائی جائے گی۔

اس موقع پر نگار خانوں میں خصوصی تعزیتی تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا جب کہ الیاس کشمیری کے پرستا ر اور مداح بھی مرحوم کی روح کو ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانیوں اور فاتحہ کا اہتمام کریں گے۔ لیلیٰ مجنوں ، وعدہ، انجام، شہرت، سردار، پنجرا، حاتم ، صابرو، ماہی منڈا ، یکے والی ، مراد، جٹی، جگا، عالم آراء، نغمہ دل، سلطنت، دو استاد، گل بکائولی، فانوس، دیوانہ، زمیندار، پیدا گیر، عشرت، عشق پر زور نہیں، باپ کا باپ، سمیت درجنوں فلموں میں انتہائی یادگار منفی و مثبت کردار ادا کرنے والے ہیرو ، ولن، مزاحیہ کریکٹر الیاس کشمیری نے 5 دہائیوں پر محیط اپنے طویل فلمی سفر کو اہم کرداروں سے انتہائی یادگار بنایا۔



ہند پکچرز نامی ادارے کی فلم عابد سے اپنے طویل فنی کیریئر کا آغاز کرنے والے الیاس کشمیری نے جلد فلم انڈسٹری میں اپنا اہم مقام بنا لیا اور ان کی شہرت کے چرچے مختصر عرصہ میں عام ہونے لگے ۔ انھوںنے سورن لتا کے مد مقابل مرکزی کردار بھی ادا کیے۔ الیاس کشمیری نے بطور فلمساز بھی کئی فلمیں بنائیں جب کہ ان کے بیٹے عاصم الیاس کشمیری نے بھی فلمسازی میں قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا، لیکن وہ اس اقدام میں کامیاب نہ ہوسکے۔ مرحوم 83برس کی عمر میں شوگر کا شدید مرض لاحق ہوا جس پر ڈاکٹروں کوان کا ایک پائوں بھی کاٹنا پڑا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے اور 12دسمبر 2007 کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں