اسپاٹ فکسنگ کیس عمر اکمل کو سزا میں ڈیرھ سال سزا کمی بھی ناکافی لگنے لگی

ایسے ہی کیسز میں دیگر کرکٹرز کو بہت کم سزائیں دی گئی تھیں، عمر اکمل

اپنی سزا میں کمی سے مطمن نہیں ہوں، عمر اکمل فوٹو: فائل

اسپاٹ فکسنگ کیس میں 3 سال کی سزا پانے والے کرکٹر عمر اکمل نے اپنی سزا میں ڈیرھ سال کمی کو بھی ناکافی قرار دے دیا۔

لاہور میں اپنی سزا کے خلاف فیصلہ سننے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمر اکمل کا کہنا تھا کہ سزا میں اس کمی سے بھی مطمن نہیں ہوں تاہم وکلا کی ٹیم کا شکرگزار ہوں جنہوں نے اچھے انداز میں کیس لڑا۔ اپیل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ وکلا اور فیملی کی مشاورت سے کروں گا۔ عمر اکمل کے مطابق ایسے ہی کیسز میں دیگر کرکٹرز کو بہت کم سزائیں دی گئی تھیں۔


اس موقع پر عمر اکمل کے وکیل طیب رضوی کا کہنا تھا کہ جسٹس صاحب کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہماری اپیل کو تسلیم کیا۔ ہمارا موقف تھا کہ سزا زیادہ دی گئی ہے۔ ہمارے خیال میں اس کیس میں زیادہ پابندی لگائی گئی۔ کسی اور فورم پر جانے کے حوالے میں فیصلہ بعد میں کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 2020 کے آغاز سے پہلے دو مختلف واقعات میں عمر اکمل نے مشکوک لوگوں سے ملاقات کی تھی تاہم اس بارے میں ٹیسٹ کرکٹر نے پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ نہیں کیا تھا۔ جس پر لیگ شروع ہونے سے ایک روز پہلے 20 فروری کو انہیں فوری طور پر معطل کردیا گیا تھا۔ لیگ کے بعد پی سی بی کے اینٹی کرپشن ٹربیونل کے جج جسٹس ریٹائرڈ فضل میراں چوہان نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے انہیں 3 سال پابندی کی سزا سنائی تھی ۔
Load Next Story