عمران خان کی نقل اتارکر شہرت پانے والے اداکار فرخ شاہ انتقال کرگئے

فرخ شاہ کو دل کی تکلیف پر اسپتال لے کر جارہے تھے کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے، بیٹے کی تصدیق


July 29, 2020
فرخ شاہ تھیٹر بند ہونے کی وجہ سے پریشانی کا شکار تھے، خاندانی ذرائع۔ فوٹو:فائل

ٹی وی پروگرامز میں عمران خان کی ڈمی کا کردار ادا کرنے والے فرخ شاہ انتقال کر گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مختلف ٹی وی پروگرامز میں وزیراعظم عمران خان کی ڈمی کا کردار ادا کرکے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے نوجوان اداکار فرخ شاہ انتقال کر گئے۔ اداکار کے بیٹے نے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فرخ شاہ کو آج صبح دل کا دورہ پڑا، انہیں دل کی تکلیف پر اسپتال لے کر جارہے تھے کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

ان کےبیٹے کا کہنا ہے کہ میرے والد لاک ڈاؤن کے باعث تھیٹر بند ہونے کی وجہ سے پریشانی کا شکار تھے، اور مالی معاملات میں بھی پریشانی کا سامنا تھا۔ وہ دو روز قبل ہونے والے فنکاروں کے احتجاج میں بھی شریک تھے، جب کہ نجی ٹی وی کے عيد اسپيشل شو کی ريکارڈنگ ميں بھی حصہ ليا تھا۔

اداکار فرخ شاہ نے تھیٹر ریڈیو سے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز کیا، انہوں نے سرکاری ٹی وی کے بے شمار ڈرامہ سیریلز میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا، تاہم اداکار فرخ شاہ کو 2011ء میں وزیر اعظم عمران خان کے ڈمی کریکٹر ادا کرنے اور ان کی پیروڈی کی وجہ سے شوبز کی دنیا میں مقبولیت حاصل ہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔