لاہور میں ہائی رائز بلڈنگز تعمیر کرنے کی اجازت دے دی ہے وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور کے شہریوں کی سہولت کیلئے نئے منصوبے شروع کر رہے ہیں جن سے کم آمدن والے طبقات کو اپنی چھت ملے گی، عثمان بزدار

ایل ڈی اے میں اصلاحات کرکے عوام کو سہولت فراہم کی گئی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب۔ فوٹو:فائل

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ہماری حکومت کا عزم ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، وائس چیئرمین ایل ڈی اے شیخ محمد عمران، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری ہاؤسنگ، ڈی جی ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام کی اجلاس بھی شریک ہوئے۔


اجلاس میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی اور دائرہ کار کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور ڈویژن کا ماسٹر پلان سے متعلقہ امور جلد طے کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایل ڈی اے میں اصلاحات کرکے عوام کو سہولت فراہم کی گئی ہے، لاہور کے شہریوں کی سہولت کیلئے نئے منصوبے شروع کر رہے ہیں۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ایل ڈی اے کی جانب سے اپارٹمنٹس کی تعمیر کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اس منصوبے سے کم آمدن والے طبقات کو اپنی چھت ملے گی، لاہور میں ہائی رائز بلڈنگز تعمیر کرنے کی اجازت دے دی ہے، ایل ڈی اے میں ریفارمز کرکے اسے عوام دوست ادارہ بنایا گیا ہے، شہریوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ہماری حکومت کا عزم ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایل ڈی اے کے دائرہ کار کا از سر نو جائزہ لے کر جلد حتمی سفارشات پیش کی جائیں، ایل ڈی اے کے دائرہ کار کا از سر نو تعین کرنے کیلئے ننکانہ صاحب، قصور اور شیخوپورہ کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو اعتماد میں لیا جائے گا، اس ضمن میں فیصلہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کیا جائے گا، وہ فیصلہ کریں گے جس سے عوام کو سہولت ملے اور ان کیلئے آسانی پیدا ہو۔
Load Next Story