کوٹری ریلوے پھاٹک روڈ کی تعمیرکا فیصلہ ہوگیا

ڈی سی جامشورو کی ٹریفک پولیس اہلکار تعینات کرنے،سائن بورڈ لگانے کی ہدایت

3 روز کے اندر روڈ کا تعمیراتی کام شروع کردیا جائے گا، جو 3ماہ تک جاری رہے گا۔ فوٹو : فائل

ڈپٹی کمشنر جامشورو ساجد جمال ابڑو کی زیر صدارت ریلوے پھاٹک کوٹری پر خستہ حال روڈ کے باعث ٹریفک کی روانی کے متاثر ہونے اور لوگوں کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے انکے دفتر میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔

جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل ہائی ویز اتھارٹی محمد حسین شاہ، ای ڈی سی ٹو سید عطاء اللہ شاہ، ڈی ایس پی علی رضا، وائس چئرمین کاٹی عدیل صدیقی، سی ایم او جاوید احمد جتوئی، ٹریفک انچارج غلام فاروق اور دیگر متعلقہ عملداران نے شرکت کی۔




اجلاس کے دوران متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ 3 روز کے اندر روڈ کا تعمیراتی کام شروع کردیا جائے گا، جو 3ماہ تک جاری رہے گا اور عوام کی سہولت کے لیے ڈبل روڈ کے دونوں اطراف کو مرحلہ وار تعمیر کیا جائے گا۔ ڈی سی جامشورو نے متعلقہ حکام بالخصوص ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ وہ ذمہ دار افسران اور نفری کو اپنے ٹریفک پلان کے مطابق تعینات کریں جبکہ انھوں نے این ایچ اے افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ متبادل راستے کے لیے سائن بورڈ، ٹریفک علامات اور بینر ز وغیرہ بھی آویزاں کریں تاکہ ڈرائیوروں کو آسانی ہو سکے۔
Load Next Story