حکومت پنجاب کا حضرت بابا فریدؒ کا عرس منعقد نہ کرنے کا فیصلہ

گدی نشین اور ان کے اہل خانہ سمیت چند افراد عرس کی روایتی رسومات ادا کرسکیں گے


Staff Reporter July 30, 2020
گدی نشین اور ان کے اہل خانہ سمیت چند افراد عرس کی روایتی رسومات ادا کرسکیں گے (فوٹو : انٹرنیٹ)

CAIRO: پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کے سبب عظیم صوفی بزرگ حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر ؒ کا سالانہ عرس رواں برس منعقد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبائی کابینہ کی سب کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر کی منظوری کے بعد باضابطہ طور پر احکامات جاری کر دئیے جس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق کوویڈ 19 کے پھیلاﺅ کے خدشات اور امن و امان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سالانہ عرس منعقد نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، گدی نشین اور ان کے اہل خانہ سالانہ عرس کے حوالے سے چند افراد کی شرکت کے ساتھ روایتی رسومات ادا کرسکیں گے جب کہ عوام الناس کو رسومات کی ادائیگی کے دوران شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے محکمہ اوقاف، آئی جی پنجاب پولیس، ڈویژنل کمشنر ساہیوال، آر پی او ساہیوال، ڈپٹی کمشنر پاکپتن، ڈی پی او پاکپتن اور دیگر کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔