اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں عید کی نماز پر پابندی کا نوٹس لے پاکستان

کلبھوشن کو تیسری قونصلر رسائی کی پیش کش پر بھارت کا تاحال جواب نہیں آیا، ترجمان دفتر خارجہ


ویب ڈیسک July 30, 2020
کلبھوشن کو تیسری قونصلر رسائی کی پیش کش پر بھارت کا تاحال جواب نہیں آیا، ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان نے اقوام متحدہ سے مقبوضہ کشمیر میں عید کی نماز پر پابندی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں عید الاضحی پر نماز کی پابندی کی مذمت کرتے ہیں، یہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور اقوام متحدہ اس بات کا نوٹس لے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت بحیرہ ہند کو جوہری ہتھیاروں سے لیس کررہا ہے، بھارتی اقدامات اقلیتوں کیلئے خطرناک ہیں اور بی جے پی کی ہندو توا ایجنڈے کی حکومت خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے۔

عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے رافیل طیاروں کی خریداری کی خبریں دیکھی ہیں، یہ طیارے جدید سسٹم سے لیس ہیں، بھارت جنوبی ایشیا میں ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہے اور دنیا میں ہتھیاروں کا سب سے بڑا امپورٹر بن گیا ہے، پاکستان اس تمام تر صورتحال سے آگاہ ہے اور ہر قسم کی جارحیت سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔

عائشہ فاروقی نے کہا کہ افغان طالبان کے سیز فائر اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں، قطر کے دارالحکومت دوحہ میں طالبان کے ساتھ مذاکرات ہورہے ہیں، افغانستان میں دونوں اطراف کو قیدیوں کے تبادلے سمیت اپنے وعدوں کی پاسداری کرنی چاہیے۔

بھارت جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق سوال کے جواب میں عائشہ فاروقی نے کہا کہ کلبھوشن کو تیسری قونصلر رسائی کی پیش کش پر بھارت کا تاحال جواب نہیں آیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں