اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کیلیے تعمیراتی شعبہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا اربوں روپے کی معاشی سرگرمیاں شروع کرنے کی یقین دہانی پر اظہار اطمینان


ویب ڈیسک July 31, 2020
وزیراعظم عمران خان کا اربوں روپے کی معاشی سرگرمیاں شروع کرنے کی یقین دہانی پر اظہار اطمینان

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت پر کورونا کے منفی اثرات زائل کرنے اور معاشی عمل تیز کرنے کیلئے تعمیراتی شعبے پر توجہ دی گئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوارڈی نیشن کمیٹی برائے ہاؤسنگ، کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کمیٹی تعمیراتی شعبے بالخصوص بلڈرز اور ڈویلپرز کے لیے حوصلہ افزائی کا ذریعہ ثابت ہورہی ہے اور حکومت کی دی گئی مراعات سے تعمیراتی شعبے کی سرگرمیاں فروغ پارہی ہیں۔

ملک کے 13 بڑے بلڈرز نے وزیراعظم عمران خان کو بڑھ چڑھ کر تعمیراتی شعبے میں کام کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ بلڈرز نمائندگان کا کہنا تھا کہ آئندہ 4 سے 5 ماہ میں 13 کھرب روپے تک اقتصادی سرگرمیاں پیدا ہوں گی، ان سرگرمیوں سے ایک لاکھ ہاؤسنگ یونٹس تعمیر ہوں گے، ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ تعمیراتی سرگرمیوں کے لئے بلڈرز اینڈ ڈویلپرز کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔

آباد کے نمائندگان نے چند ماہ کے اندر مختلف منصوبے شروع کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ این او سی اور اجازت ناموں کے عمل کو آسان بنانے سے تعمیراتی شعبے سے وابستہ کاروباری برادری کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اربوں روپے کی معاشی سرگرمیاں شروع کرنے کی یقین دہانی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو نوکریوں اور غریب عوام کے اپنی چھت کے خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے تعمیراتی شعبے کا فروغ کلیدی کردار کا حامل ہے، ملکی معیشت پر کورونا کے منفی اثرات زائل کرنے اور معاشی عمل تیز کرنے کیلئے تعمیراتی شعبے پر توجہ دی گئی ہے، اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کیلیے تعمیراتی شعبہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے پورٹل کے قیام اور اسے فعال بنانے پر صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبرپختونخواہ کی کارکردگی کی تعریف کی اور دیگر صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں وکشمیر کو اسی طرح کی پورٹل اور ون ونڈو سہولت کی فراہمی کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آن لائن نظام کا مقصد نظام انسانی مداخلت کو کم سے کم کرنا اور شفافیت اور کارکردگی یقینی بنانا ہے، وفاقی سطح پر ہیلپ لائن اپنا بھرپور کردار ادا کرے جب کہ نئی تعمیرات میں بجلی اور گیس کی سہولیات کی فراہمی کو بروقت یقینی بنایا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں