تمام آئینی اداروں کو جوابدہ ہونا ہوگا خورشید شاہ پی اے سی کے چئیر مین منتخب

سپریم کورٹ سمیت تمام اداروں کوآئین کے آرٹیکل170کاپابند بنائیں گے، فیورٹ ازم نہیں چلے گا،خطاب، میڈیا سے گفتگو


News Agencies/Numainda Express December 12, 2013
سرکاری شعبوں میں بدعنوانی طاعون کی طرح پھیلی ہوئی ہے مل کرخاتمہ کریں گے۔ فوٹو: فائل

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کوپبلک اکاؤنٹس کمیٹی کاچیئرمین منتخب کرلیا گیا۔

جبکہ خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ سمیت تمام اداروں کوآئین کے آرٹیکل170کا پابند بنائیں گے۔ سرکاری شعبوں میں بدعنوانی طاعون کی طرح پھیلی ہوئی ہے مل کرخاتمہ کریں گے، فیورٹ ازم نہیں چلے گا، سرکاری رقم ہڑپ کرنے والوں کو حساب دینا ہو گا، از خود نوٹس لینے سے گریز کریں گے۔ بدھ کو پی اے سی کے اجلاس میں ن لیگ کے رکن محمود بشیر ورک نے خورشید شاہ کا نام بطور چیئرمین کمیٹی تجویزکیا جس پر پوری کمیٹی نے باآواز بلند تائید کی اور اس طرح انھیں اتفاق رائے سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا 16واں چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔خورشید شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پارلیمانی احتسابی ادارہ ہے، یہ میثاق جمہوریت کا ثمر ہے۔



گزشتہ پی اے سی نے 16رپورٹس جاری کی تھیں جس سے پارلیمنٹ کی اہمیت میں اضافہ ہو گا۔کرپشن کے خلاف ہمیں کام کرنا پڑے گا، کرپشن کرنے والے جو بھی زندہ ہیں ان کوحساب دینا ہوگا۔کوشش ہوگی کہ ماضی کے چیئرمین پی اے سی کو رول ماڈل بناؤں۔ن لیگ کے شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ ہمیں تمام اداروں کا احتساب کرنا ہوگا، تمام ارکان اس کمیٹی کومضبوط کریں گے۔ محمود بشیر ورک نے کہا سابقہ روایات کو بر قرار رکھنا ہو گا۔

وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ خورشید شاہ کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ تحریک انصاف کے شفقت محمود نے کہا کہ جو ادارے احتساب کے دائرے میں نہیں آ رہے، انھیں بھی دائرے میں لانا ہے۔ ایم کیو ایم کے رکن رشید گوڈیل نے کہا کہ کرپشن جہاں بھی ہو رہی ہے اس کا احتساب کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے خورشید شاہ کے چیئرمین پی اے سی منتخب ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں