کراچی میں ایسا کام کریں گے کہ آئندہ بارش میں کم سے کم نقصان ہو چیئرمین این ڈی ایم اے       

شہر میں روزانہ 20 ہزار ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے جس کو ٹھکانے لگانے کا کوئی انتظام موجود نہیں، لیفٹننٹ جنرل محمد افضل


ویب ڈیسک August 02, 2020
آنے والی بارشوں سے کراچی کے شہریوں کو ریلیف دیا جائے گا، لیفٹننٹ جنرل محمد افضل

چیئرمین این ڈی ایم اے محمدافضل نے کہا ہے کہ کراچی میں ایسا کام کریں گے کہ شہر میں ہونے والی برسات میں کم سے کم نقصان ہو۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل کو سمجھنے کی ضرورت ہے تب ہی یہ حل ہوں گے۔ شہر میں روزانہ 20 ہزار ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے جس کو ٹھکانے لگانے کا کوئی انتظام موجود نہیں جبکہ ندی نالوں پر ناجائز تعمیرات ہوچکی ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ کراچی میں ہونے والی بارش سے نقصانات ہوئے جس پر افسوس ہے، کچھ روز پہلے ہونے والی برسات سے چند علاقے متاثر ہوئے۔ اب ہم ایسا کام کریں گے کہ شہر میں ہونے والی بارشوں سے کم سے کم نقصان ہوگا۔ کراچی میں این ڈی ایم اے نے اپنا کام شروع کردیا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا تھا کہ کراچی کے بڑے نالوں کی صفائی کی ذمہ داری این ڈی ایم اے کے سپرد کی گئی ہے، کراچی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ایک ساتھ مل کر بیٹھنا ہوگا تاکہ کوئی دیرپا حل نکل سکے کیونکہ وقتی طور پر کیے جانے والے اقدامات سے شہریوں کو ریلیف تو ملے گا مگر مسائل جوں کے توں رہیں گے۔

7 سے 9 اگست تک کراچی میں بارش کا امکان

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے لئے 6 دن بڑ ے اہم ہیں، 7 سے 9 اگست تک بارش کا امکان ہے، اْس کے بعد 15 اگست تک ایک اور کمزور سسٹم حدود میں موجود رہے گا، جو وقتاً فوقتاً برستا رہے گا، اْس کے بعد بارش زیادہ نہیں ہوگی۔

کورونا کی صورت حال

چیئرمین این ڈی ایم اے نے ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا اور محرم الحرام میں زیادہ احتیاط برتنے کی تجویز دی۔ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاوٴن پر عمل درآمد ہوتو مزید بہتری آئے گی این ڈی ایم اے کے پاس آئندہ چھ ماہ کا سامان اور 60 لاکھ ٹیسٹنگ کٹس موجود ہیں ۔

ٹڈی دَل کا خاتمہ کرنے کے لیے 388 مزید اسپرے مشینیں درآمد

این ڈی ایم اے کے چیئرمین نے مزید کہا کہ ٹڈی دل خاتمے کے اسپرے کیلئے نو جہاز موجود ہیں۔ 20 اگست تک 388 اسپرے مشین آجائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں